’بالی ووڈ کی حالت بالکل وراٹ کوہلی جیسی‘، بالی ووڈ کی خستہ حالی پر کچا سدیپ کا بیان

کچا سدیپ نے کہا کہ ’’اگر ہندی فلم انڈسٹری نے بڑی فلمیں نہیں بنائی ہوتیں، اگر بالی ووڈ میں عظیم ہستیاں نہیں ہوتیں، تو آپ اتنے سالوں تک کیسے ٹھہر پاتے؟‘‘

کچا سدیپ، تصویر آئی اے این ایس
کچا سدیپ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جنوبی فلموں کے مشہور اداکار کچا سدیپ ان دنوں ممبئی میں ہیں۔ ان کی آنے والی فلم ’وکرانت رونا‘ کے ہندی ورژن کا پرموشن بالی ووڈ کی مشہور ہستی سلمان خان کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں اس فلم کا پروموشنل ایونٹ منعقد ہوا تھا جس میں دونوں سپر اسٹارس نے جنوبی فلم انڈسٹری بنام بالی ووڈ فلم انڈسٹری تنازعہ پر اپنے خیالات پیش کیے۔ جہاں سلمان خان نے بالی ووڈ کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی اپنی طرف سے پوری کوشش کر رہا ہے، وہیں کچا سدیپ نے بالی کی حالت پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کی حالت بالکل وراٹ کوہلی جیسی ہے۔‘‘ دراصل وراٹ کوہلی اس وقت آؤٹ آف فارم چل رہے ہیں، اور بالی ووڈ کی فلمیں بھی ان دنوں کچھ خاص کمال نہیں دکھا پا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کا موازنہ کچا سدیپ نے وراٹ کوہلی سے کر دیا۔

دراصل پروگرام کے دوران حال ہی میں سپر ہٹ ہوئی فلم ’کے جی ایف-2‘، ’آر آر آر‘ اور ’پشپا دی رائز‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے کچا سدیپ سے ہندی باکس آفس پر جنوبی فلموں کی بہترین کارکردگی کے بارے میں سوال کیا گیا۔ اس کے جواب میں کچا سدیپ نے کہا کہ ’’میں اس سلسلے میں زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتا ہوں۔ بس اتنا کہوں گا کہ جنوب کی بھی ایسی کئی فلمیں ہیں جو باکس آفس پر کمال نہیں دکھا پائی ہیں۔‘‘


کچا سدیپ نے اس تعلق سے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہندی فلم انڈسٹری نے بڑی فلمیں نہیں بنائی ہوتیں، اگر بالی ووڈ میں عظیم ہستیاں نہیں ہوتیں، تو آپ اتنے سالوں تک کیسے ٹھہر پاتے؟ یہ ایسا ہے جیسے کہ وراٹ کوہلی کچھ وقت کے لیے آؤٹ آف فارم ہو گئے ہوں۔ کیا آپ ان سے ان کے ریکارڈس چھین لیں گے؟ آخر کار بہت ساری فلمیں بن رہی ہیں، کچھ اچھی کارکردگی پیش کریں گی، کچھ نہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔