محمد عزیز کا انتقال: محمد رفیع کے بڑے پرستار کی آواز خاموش

فلم مرد میں امیتابھ بچن پر فلمایا گانا ‘مرد تانگے والا’ سپر ہٹ ثابت ہوا۔اس کے بعد عزیز نے کئی فلموں کے ہٹ گانے گائے، ان کی آخری رسومات کل یعنی 28 نومبر کو ادا ہوں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: ممبئی کی ہندی فلم انڈسٹری میں فلموں کے لیے 1980اور 1990کے عشرے میں بہترین نغمے پیش کرنے والے گلوکار محمد عزیز کا ایک نجی اسپتال میں 64 سال کی عمر میں انتقال ہواگیا ،محمد عزیز 2جولائی 1954 کو مغربی بنگال کے اشوک نگر میں پیدا ہوئے اور آج دوپہر دورہ قلب کے بعد انہوں نے آخری سانس لی۔

محمد عزیز کا نغمہ ’’آپ کے آجانے سے ‘‘ فلموں کے چاہنے والوں میں خوب مقبول ہوا ۔ان کے ایک سکریٹری ببلونے مطلع کیا کہ پیر کو ان کا ایک میوزیکل پروگرام کولکتہ میں منعقد کیا گیا تھا اور منگل کو دوپہر دوبجے ممبئی آمد کے بعد انہوں نے ڈرائیورکو کہا کہ طبیعت بہتر نہیں لگ رہی ہے اور انہیں فوری طورپر ناناوتی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دل کا دورہ پڑنے کی اطلاع دی اور انہیں مردہ قراردے دیا گیا ۔ مرحوم محمد عزیز کی آخری رسوم ممبئی میں بدھ کو اداکی جائیں گی۔

اطلاع کے مطابق عزیز نے بطور پلے بیک گلوکار اپنے کیریئر کا آغاز بنگلہ فلم 'جیوتی' سے کیا تھا۔ سال 1984 میں وہ ممبئی آ گئے جہاں انہوں نے ہندی فلم 'امبر' میں گیت گایا۔ اسی دوران ان کی ملاقات موسیقار انو ملک سے ہوئی جنہوں نے انہیں فلم مرد میں گانے کا موقع دیا۔

فلم مرد میں امیتابھ بچن پر فلمایا گانا 'مرد تانگے والا' سپر ہٹ ثابت ہوا۔ اس کے بعد عزیز نے کئی فلموں کے ہٹ گانے گائے۔ ان میں لال دپٹا مل مل کا، آپ کے آجانے سے، دنیا میں کتنا غم ہے وغیرہ لوگوں کے درمیان کافی ہٹ ہوا۔ انہوں نے مرد کے علاوہ بنجارن، آدمی کھلونا ہے، لو 86، پاپی دیوتا، ظلم کو جلا دوں گا، پتھر کے انسان، بیوی ہو تو ایسی، برسات کی رات جیسی کئی فلموں میں گانے گائے۔ محمد عزیز نے ہندی فلموں کے علاوہ بنگالی، اڑیااور دیگر علاقائی زبان کی فلموں میں بھی بطور پلے بیک گانے گائے۔ وہ محمد رفیع کے بہت بڑے پرستار تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Nov 2018, 10:09 PM