پی ایم مودی نے سائرہ بانو کی گزارش کو کیا نظر انداز تو چھلک پڑا درد

بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے ایک بار پھر پی ایم مودی سے مدد کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ زمین مافیا سمیر بھوجوانی ان کی ملکیت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار دلیپ کمار کی پریشانی سننے والا کوئی نہیں ہے۔ دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے کئی بار بات کی اور انھوں نے ان کی پریشانی دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن انھوں نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ سائرہ بانو نے ہار کر وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے لیے وقت مانگا اور اپنی پریشانی سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعہ بیان کی، لیکن انھوں نے بھی کوئی توجہ نہیں دی۔ سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے اپنی پریشانی ایک بار پھر بیان کی ہے اور پی ایم مودی کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ سائرہ بانو خان کی طرف سے گزارش کے پیش نظر پی ایم مودی کے اپوائنٹمنٹ کا انتظار ہے۔ میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ذریعہ لگاتار دلائے گئے یقین سے تھک چکی ہوں۔ میں بہت کوشش کر رہی ہوں، سر آپ ہی میری آخری امید ہیں جو دلیپ صاحب کے گھر کو زمین مافیا سمیر بھوجوانی سے بچا سکتے ہیں۔ میں آپ سے التماس کرتی ہوں۔‘‘

سائرہ بانو نے ٹوئٹ کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ بھی کہا کہ ’’ہمیں پوری امید ہے کہ پی ایم کے دخل کے بعد کچھ بہتر نتیجہ نکلے گا۔ زمین مافیا سمیر بھوجوانی دلیپ صاحب کی خراب صحت کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 16 دسمبر کو بھی سائرہ بانو نے دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے پی ایم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’میں سائرہ بانو خان وزیر اعظم نریندر مودی سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ میری پریشانی کی طرف دھیان دیں۔ زمین مافیا بھوجوانی جیل سے چھوٹ گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ذریعہ یقین دہانی کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ پدم وبھوشن اعزاز یافتہ شخص کو پیسے اور طاقت سے دھمکی دی جا رہی ہے۔ آپ سے ممبئی میں ملاقات کی گزارش ہے۔‘‘

اس سے قبل مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کے روز کہا تھا کہ وہ ملکیت تنازعہ سے متعلق دلیپ کمار اور ان کی بیوی سائرہ بانو سے بات کریں گے اور مسئلہ کا حل تلاش کریں گے۔ داصل سائرہ بانو کا الزام ہے کہ بلڈر سمیر بھوجانی ان کی پراپرٹی پر قبضہ کرنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے جو حال ہی میں جیل سے آزاد ہوا ہے۔ دلیپ کمار کا بنگلہ باندرا کے پالی ہل علاقے میں واقع ہے۔ اسی سال سائرہ بانو نے پولس سے رابطہ کیا تھا اور بلڈر سمیر بھوجوانی کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔ جنوری میں ممبئی پولس معاشی جرائم سیل (ای او ڈبلیو) نے اداکار کے بنگلے کو مبینہ طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کے لیے بلڈر کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ ای او ڈبلیو کی ٹیم نے سمیر بھوجوانی کے دفتر میں چھاپہ ماری بھی کی تھی اور وہاں سے اسلحے، فرضی کاغذات برآمد کیے تھے۔ بعد ازاں اپریل میں سمیر بھوجوانی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Dec 2018, 12:03 PM
/* */