شری دیوی کی آخری رسومات کل شام ادا ہوں گی

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

25 Feb 2018, 9:52 PM

بیس گھنٹے بعد بھی جسد خاکی لواحقین کو نہیں ملا

دبئی میں 20 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی شری دیوی کا جسد خاکی ان کے لواحقین کو حاصل نہیں ہو سکا ہے۔ خصوصی طیارہ جسد خاکی کو ہندوستان لانے کے لئے گیا ہے لیکن آج شاید وہ ممبئی نہیں پہنچ پائے گا۔ میڈیا رپورٹوں کےمطابق میڈیکل جانچ اور پولس کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت دبئی میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ سری دیوی کے جسد خاکی کو ممبئی لے جانے میں یہاں کے افسران کے ساتھ مل کر ان کے خاندان کے ارکان کو ہرممکن مدد دے رہے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر نودیپ سوری نے ٹوئٹ کرکے کہا ’’دبئی میں ہمارا سفارت خانہ سری دیوی کے خاندان کے اراکین کو ہر ممکنہ مدد فراہم کرنے کے لئے مقامی حکام کے ساتھ کام کررہا ہے‘‘۔

سری دیوی نے اپنے بھتیجے موہت ماروہ کی شادی میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے دبئی گئیں تھی جہاں باتھ روم میں دل کا دورہ پڑنے سے گزشتہ رات ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کے جسد خاکی کو آج رات ممبئی لے جانے کی توقع ہے۔

25 Feb 2018, 7:38 PM

آخری رسومت کل ادا ہوں گی

شری دیوی کا جسد خادی تاحال ہندوستان نہیں پہنچا ہے۔ خصوصی طیارہ انہیں دبئی سے ممبئی لے کرآئے گا۔ ان کی آخری رسومات کل دوپہر ایک بجے ادا کی جائیں گی۔ دریں اثنا انیل کپور کی رہائش پر لوگوں کا جم غفیر امنڈ پڑا ہے۔

25 Feb 2018, 6:30 PM

شری دیوی کی موت ایک بڑا نقصان: فاروق عبداللہ

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’’شری دیوی کا انتقال بہت افسوسناک ہے۔ ان کے جانے سے فلمی دنیا میں ایک بڑا خلاء پیدا ہوگیا ہے۔ وہ بہت قابل اداکارہ تھیں۔ شری دیوی نے نہ صرف بالی وڈ بلکہ جنوبی ہندوستان کی فلم انڈسٹری میں بھی اپنا سکہ منوایا تھا۔ میں اللہ سے دعا کروں گا کہ انہیں شانتی ملے۔‘‘


25 Feb 2018, 5:55 PM

لواحقین کو جسد خاکی ملنے کا انتظار

خلیج ٹائمز کے مطابق شری دیوی کے لواحقین انکا جسد خاکی ملنے کا انتظار کر رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ساتھ پاسپورٹ سے متعلق اور دیگر پولس کی کارروائی پوری ہو چکی ہے۔

25 Feb 2018, 5:13 PM

خصوصی طیارہ دبئی پہنچ چکا

شری دیوی کا جسد خاکی اس وقت دبئی میں ہے جسے ہندوستان لانے کے لئے خصوصی طیارہ وہاں پہنچا چکا ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق طیارہ کے دیر شام 8 بجے تک ممبئی پہنچے کے امکانات ہیں۔


25 Feb 2018, 3:08 PM

شری دیوی کو ہمیشہ محبت و احترام سے یاد کیا جائے گا: عامر خان

عامر خان نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’میں شری دیوی جی کے انتقال سے بے حد رنج اور صدمہ میں ہوں۔ میں ان کے کام کا بڑا فین رہا ہوں۔ اس کے علاوہ انڈسٹری میں انہوں نے اپنی سادگی سے خود کو ثابت کیا، جس کی میں بہت قدر کرتا ہوں۔ ان کے خاندان کے تمام ارکان کے تئیں میں دل سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ میم ہم ہمیشہ آپ کو محبت و احترام سے یاد کریں گے۔‘‘

25 Feb 2018, 2:57 PM

میرا دل رو رہا ہے: مادھوری دیکشت

مادھوری دیکشت نے کہا ’’ابھی اٹھی تو معلوم چلا کہ شری دیوی گزر گئیں۔ ان کے خاندان کے لئے میرا دل روتا ہے۔ دنیا نے ایک ایسی ہستی کو کھو دیا جو فلموں میں اپنی وراثت چھوڑ گئیں ہیں۔‘‘


25 Feb 2018, 2:54 PM

سنیما میں شری دیوی کا تعاون یاد رکھا جائے گا: پیوش گوئل

مرکزی وزیر برائے کوئلہ پیوش گوئل نے کہا ’’کثیر جہتی اداکارہ شری دیوی کے اچانک انتقال سے بہت افسوس ہوا۔ ہندی سنیما میں ان کا تعاون بے مثال ہے جسےآنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔ ان کے خاندان اور بے شمار مداحون کے لئے میری تعزیت۔‘‘

25 Feb 2018, 1:21 PM

راہل گاندھی کا اظہار تعزیت

کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے شری دیوی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان کی پسندیدہ اداکارہ شری دیوی کے اچانک اور غیر معمولی انتقال کی خبر سن کر حیران ہوں۔ شری دیوی بہترین اور کثیر جہتی اکاراوہ تھیں جنہوں نے کئی زبانوں کی فلموں میں اپنی اداکاری کی چھاپ چھوڑی ۔ ان کے خاندان کے لئے میری تعزیت۔ ان کی روح کو سکون ملے۔‘‘


25 Feb 2018, 12:18 PM

شری دیوی کا جسد خاکی دیر شام ممبئی پہنچے گا

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ شری دیوی کا گزشتہ شب دبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ اداکارہ شری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھیں۔ دبئی میں ان کا پوسٹ مارٹم جاری ہے جو دیر شام ممبئی پہنچے گا۔ اداکارہ کے جسد خاکی کو پرائیویٹ جیٹ سے ممبئی لایا جائے گا۔

ادھر ممبئی میں شری دیوی کے مداحوں کا جم غفیر موجود ہے۔ شری دیوی اپنی بیٹی جہانوی کی ابتدائی فلم دھڑک نہیں دیکھ پائیں جو اسی سال جولائی میں ریلیز ہونے والی ہے۔

25 Feb 2018, 11:30 AM

شری دیوی کا انتقال افسوس ناک: مودی

شری دیوی کے انتقال پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایک ٹویٹ میں ان کے کنبے اور مداحوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مودی نے ٹویٹ کیا کہ ’’معروف اداکارہ شری دیوی کی بے وقت موت کی خبر کافی دکھ پہنچانے والی ہے۔ وہ فلمی دنیا کی مشہور اور تجربہ کاری اداکارہ تھیں۔ انہوں نے اپنے طویل فلمی کیریئر میں مختلف کردار ادا کرکے انہیں یادگار بنایا۔ دکھ کی اس گھڑی میں میں ان کے کنبے اور مداحوں کے ساتھ ہوں۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔‘‘


25 Feb 2018, 11:23 AM

لاکھوں شائقین کے دل ٹوٹ گئے: کووند

صدر جمہوریہ رام ناتھ كووند نے ٹوئٹر پر اپنے تعزینی پیغام میں کہا ’شری دیوی کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا۔ ان کے جانے سے لاکھوں شائقین کے دل ٹوٹ گئے۔’موندرم پرائی‘، ’لمحے‘ اور ’انگلش ونگلش‘ جیسی فلموں میں ان کی اداکاری دیگر فنکاروں کے لئے متاثر کن رہے گی۔ ان کے اہل خانہ اور قریبی رشتہ داروں کے ساتھ میری دلی تعزیت۔‘‘

25 Feb 2018, 10:36 AM

شری دیوی بہت جلدئ چلی گئیں: جیکلین

ہدایتکار اور اداکار جاوید جعفری کا کہنا تھا کہ ’’حیران اور صدمے میں ہوں۔ زبردست ٹیلنٹ اور میری پسندیدہ پرفارمر انتقال کر گئیں۔ صنعت کا بڑا نقصان ہے، آپ کو بہت یاد کریں گے۔‘‘

ان کے علاوہ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کا کہنا تھا: ’’بے شک وہ ایک آئیکن تھیں، بہت جلدی چلی گئیں، بہت جلدی۔‘‘

کمنٹیٹرہرشا بھوگلے نے کہا:’ ’انھوں نے اپنے انداز میں اسکرین کو منور کیا، یہ ان کے جانے کی عمر نہیں تھی۔‘‘

اپنی مزاحیہ اداکاری کے لیے مشہور معروف انڈین اداکار جانی لیور نے اس موقعے پر کہا: ’’شری دیوی جی کے بارے میں سن کر انتہائی غمگین اور صدمےمیں ہوں۔ میری ان کے خاندان کے لیے دعائیں اور تعزیت ہے۔‘‘


25 Feb 2018, 10:01 AM

فلم فیئر کا خراج عقیدت

فلم فیئر کے آفیشل اکاؤنٹ سے اس خبر کی تصدیق کی گئی اور لکھا گیا:’ ’شری دیوی نہیں رہیں۔ سپر اسٹار کا دبئی میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوا۔‘‘

25 Feb 2018, 9:43 AM

سوشل میڈیا پر پیغامات کا سیلاب

شری دیوی کے انتقال کی خبر آتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بڑی تعداد میں اداکاروں اور دیگر شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات آنا شروع ہو گئے اور ہندوستان میں Sridevi# ٹرینڈ کرنے لگا۔

شری دیوی کی آخری رسومات کل شام ادا ہوں گی

اداکارہ پرینکا چوپڑا نے لکھا: ’’میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، ان سب سے تعزیت کے لئےجو شری دیوی کو چاہتے تھے، یہ سیاہ دن ہے۔‘‘

بالی ووڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے ٹوئٹر پر لکھا: ’بری خبر، میں جس صدمےمیں ہوں بیان نہیں کر سکتا، شری دیوی جی نہیں رہیں۔‘‘


25 Feb 2018, 9:19 AM

شری دیوی کے انتقال سے بالی وڈ صدمے میں

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ شری دیوی کا کل رات دبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ان کےخاندانی رکن اداکار سنجے کپور نے اس کی تصدیق کی ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ کی انتقال کے وقت عمر 54 برس تھی۔اداکارہ شری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کے ساتھ شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھیں۔

شری دیوی کے انتقال سے کچھ وقت قبل بنائی گئی ویدیو

  • شری دیوی 13 اگست 1963 میں تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں اور 1978 میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم ’سولہواں ساون‘ سے کیا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی ’مام‘ ان کی 300 ویں فلم تھی۔
  • شری دیوی نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے 1996 میں شادی کی تھی اور ان کی خوشی اور جھانوی کپور دو بیٹیاں ہیں۔
  • ان کی مشہور فلموں میں چاندنی، لمحے، مسٹر انڈیا، خدا گواہ اور نگینہ شامل ہیں۔انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ تمل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ فلموں میں بھی کام کیا۔
  • شری دیوی کو 2013 میں حکومت کی جانب سے پدم شری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔
  • انھوں نے جب 90 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا ۔ اس وقت ان کی فلمیں ناکام ہورہی تھیں لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر سے ہنگامہ مچا دیا تھا۔
  • شری دیوی نے اپنے فلمی کریئر میں برسات میں فلمائے گئے کئی نغموں سے دھوم مچائی۔ انہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے کافی شہرت حاصل کی جس نے انہیں کامیابیوں کی بلندی تک پہنچا دیا۔
  • ان کی فلم ’چاندنی‘ کا گیت ’لگی آج ساون کی پھر وہ جھڑی ہے‘ کے علاوہ ’چال باز‘ کا ’نہ جانے کہاں سے آئی ہے‘ اور ’مسٹر انڈیا'‘ کا ’کاٹے نہیں کٹتے یہ دن یہ رات‘ جیسے گانے بہت مقبول اور ہٹ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔