یوپی کے لکھیم پور میں درخت سے لٹکی ملی دو بہنوں کی لاشیں

لکھیم پور واقعہ کے سامنے آنے کے بعد اپوزیشن نے حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ پرینکا گاندھی نے سوال کیا ہے کہ اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم کیوں بڑھ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

 یوپی کے لکھیم پور میں دو بہنوں کی لاشیں درخت سے لٹکی ہوئی ملی ہیں۔ واضح رہے  دونوں حقیقی بہنیں ہیں۔ موت نے اہل خانہ میں کہرام مچادیا ہے۔ یہ معاملہ نگاہسن کوتوالی کا ہے۔ نیوز پورٹل اے بی پی نیوز میں شائع خبر کےمطابق اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر پرشانت کمار نے بتایا کہ آئی جی لکھنؤ رینج لکشمی سنگھ کو موقع پر بھیجا گیا ہے۔ دونوں بچیوں کا پوسٹ مارٹم ڈاکٹروں کے پینل  سے کرا یا جائے گا۔ اہل خانہ کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ اگر اس کیس میں قتل کا معاملہ سامنے آیا تو مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔

شائع خبر کے مطابق لکھیم پور کے ڈی ایم مہندر بہادر سنگھ نے فون پر بتایا  کہ دونوں لڑکیوں کے پوسٹ مارٹم کے بعد قتل کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں لڑکیوں کا پوسٹ مارٹم آج  15 ستمبر بروز جمعرات کیا جائے گا۔


اس واقعہ پر اپوزیشن نے یوپی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کیا، "لکھیم پور (یو پی) میں دو بہنوں کے قتل کا واقعہ دل دہلا دینے والا ہے۔ خاندان کا کہنا ہے کہ ان لڑکیوں کو دن دیہاڑے اغوا کیا گیا تھا۔ روز اخباروں اور ٹی وی میں جھوٹے اشتہارات دینے سےامن و امان ٹھیک نہیں ہو جاتا۔ آخر یوپی میں خواتین کے خلاف گھناؤنے جرائم کیوں بڑھ رہے ہیں، حکومت کب جاگے گی؟‘‘

سماجوادی پارٹی کے  صدر اور یوپی کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے ٹویٹ کیا، "نگھاسن تھانہ علاقے میں 2 دلت بہنوں کو اغوا کرنے کے بعد اور پولیس پر ان کے والد کا یہ الزام بہت سنگین ہے کہ بغیر پنچنامے اور رضامندی کے پوسٹ مارٹم کیا  جا رہا ہے۔ لکھیم پور میں کسانوں کے بعد اب، دلتوں کا قتل۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ  'ہاتھرس کی بیٹی' کے قتل عام کی گھناؤنی یاد تازہ کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔