نالندہ میں دھماکہ، پانچ کی موت، 25 زخمی

حادثہ میں منا پنڈت، سرفراز کی بیٹی سمیرا (ایک مہینہ)، فاطمہ (تین سال)، بیٹا سرتاج اور اس کی بہن شائستہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

بہار شریف: بہار کے ضلع نالندہ میں سوہسرائے تھانہ علاقہ کے خاص گنج محلہ میں غیرقانونی طریقہ سے چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ ہوجانے سے پانچ لوگوں کی موت اور 25 دیگر زخمی ہوگئے۔

پولس سپرنٹنڈنٹ سدھیر کمار پوریکا نے آج یہاں بتایا کہ خاص گنج محلہ کے ایک مکان میں غیرقانونی طریقہ سے چل رہی پٹاخہ فیکٹری میں کل دیر رات اچانک دھماکہ ہوجانے سے پانچ افرا دکی موت اور 25 دیگر زخمی ہوگئے۔ اس مکان میں محمد سرفراز نامی شخص کرایہ پر رہتا ہے۔

پوریکا نے بتایا کہ اس واقعہ میں منا پنڈت، سرفراز کی بیٹی سمیرا (ایک مہینہ)، فاطمہ (تین سال)، بیٹا سرتاج اور اس کی بہن شائستہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی ۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں بہتر علاج کے لئے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال (پی ایم سی ایچ) بھیج دیا گیا ہے جبکہ 14دیگر زخمیوں کو بہار شریف صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

انتطامیہ تمام زخمیوں کے علاج پر نظررکھ رہی ہے۔ ان کے علاج کے لئے تمام طرح کی سہولیات دستیاب کرائی جارہی ہیں۔ دھماکہ کے بعد انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) کی آٹھ رکنی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور جانچ کے لئے موقع سے کئی اہم نمونے اپنے ساتھ لے گئی۔

غیرقانونی طریقہ سے پٹاخہ فیکٹری چلانے اور دھماکہ کے معاملہ میں محمد سرفراز کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ وہیں سوہسرائے تھانہ کے ایس ایچ او کو فوری اثرات سے معطل کردیا گیا ہے۔ معاملہ کی تفتیش کے لئے تین رکن کی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں ایڈیشنل کلکٹر ، سرکل افسر اور پولس سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں۔

موقع پر پہنچے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ڈاکٹر تیاگ راج ایس ایم نے میونسپل کمشنر بہار شریف کو ہدایت دی ہے کہ تین دنوں کے اندر شہر میں تمام غیرقانونی طریقہ سے چل رہی دکانوں اور پٹاخہ بنانے والوں کی تفتیش کرکے ایک رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی غیرقانونی سرگرمیوں میں شامل لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔