کباڑی کی دکان میں زبردست دھماکہ، 4 ہلاک، کئی سنگین طور پر زخمی

دھماکہ میں کئی راہ گیر سنگین طور پر زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ زخمیوں کا علاج ضلع اسپتال کے ساتھ ساتھ قریب کے دیگر اسپتالوں میں جاری ہے۔

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

آس محمد کیف

مظفر نگر: تھانہ سول لائن علاقہ واقع کچی سڑک پر آج صبح ایک کباڑی کی دکان میں زبردست دھماکہ ہوا جس میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس دھماکہ میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی آناً فاناً میں پولس اور ایڈمنسٹریٹو افسران سمیت ڈی ایم اور ڈی آئی جی سہارنپور موقع پر پہنچ گئے اور دھماکے کی جگہ کو سیل کر دیا گیا۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق آج صبح تھانہ سول لائن حلقہ کے ’پیر‘ نامی جگہ کے پاس ایک کباڑی کی دکان میں ہوئے اس دھماکہ میں کئی راہ گیر خواتین و مرد بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکہ اس قدر زبردست تھا کہ کچھ دیر کے لیے کسی کو کچھ بھی سمجھ میں نہیں آیا۔ اچانک دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کی چیخ و پکار شروع ہو گئی جس پر راہ گیروں سمیت آس پاس کے دکانداروں کے ساتھ ہی محلہ کے باشندوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمیوں کو ضلع اسپتال بھیجنا شروع کیا جہاں سے اس حادثہ کی اطلاع اتر پردیش پولس کو 100 نمبر پر ڈائل کر کے دی گئی۔ خبر ملتے ہی پولس محکمہ میں بھی افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ تھانہ پولس کے ساتھ ہی یو پی 100 پر ڈائل کی گئی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔ دوسری طرف خبر ملتے ہی ایس ایس پی اننت دیو تیواری، ایس پی سٹی سمیت کثیر تعداد میں فورس بھی موقع پر پہنچ گئی۔

پولس نے فوری طور پر آس پاس کے دکانداروں سے جانکاری حاصل کی جس سے انھیں پتہ چلا کہ یہاں کباڑی کی دکان میں دکاندار کچھ لوہے کی چیز توڑ رہے تھے جس میں اچانک ہی اتنا زوردار دھماکہ ہوا کہ راہ گیروں سمیت پاس سے گزر رہی ایک خاتون بھی سنگین طور پر زخمی ہو گئی۔ انھیں علاج کے لیے کسی طرح ضلع اسپتال بھیجا گیا ہے۔

دوسری طرف ضلع اسپتال میں بھی زخمیوں کے رشتہ داروں کے درمیان ہنگامہ برپا ہے۔ ڈاکٹروں نے موقع پر ہی نثار ابن محمد علی، باشندہ اندرا کالونی اور شہزاد عالم ابن عطاء الرحمن، باشندہ کھالاپار تھانہ شہر کوتوالی کو مردہ قرار دے دیا جس کی وجہ سے وہاں چیخ و پکار کا عالم برپا ہو گیا۔ ضلع اسپتال میں سنگین طور پر زخمی نوازش ابن یعقوب کا بھی علاج چل رہا تھا جنھیں بعد میں میرٹھ ریفر کر دیا گیا لیکن لے جاتے ہوئے نوازش کی بھی موت ہو گئی۔ حاجی پورا باشندہ یوسف، سول لائن باشندہ کوثر جہاں، محمود نگر باشندہ نوشاد کا علاج اسپتال میں جاری ہے جن کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

مظفر نگر کے ایس ایس پی اننت دیو نے اس دھماکہ سے متعلق فی الحال کچھ کہنے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دھماکہ کے اسباب کی جانچ ہو رہی ہے اور جب تک تفتیش مکمل نہیں ہو جاتی کچھ بھی کہنا جلدبازی ہوگا۔ جائے حادثہ پر اینٹی بم ناکارہ بنانے والا دستہ بھی موجود ہے اور اپنے طور پر جانچ کا کام آگے بڑھا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔