ہرن شکار معاملہ: سلمان خان کو عدالت سے ملی حاضری معافی

عالمی وبا کورونا کے پیش نظر ضلع اور سیشن جج کی عدالت میں حاضری معافی پیش کی گئی ہے۔ اس پر عدالت نے حاضری معافی منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت آئندہ 16 جنوری کو طے کر دی ہے۔

سلمان خان / تصویر آئی اے این ایس
سلمان خان / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

جودھپور: فلم اداکار سلمان خان کو مشہور ہرن شکار معاملے میں آج عدالت نے حاضری معافی دے دی، اس معاملے میں سلمان خان کو منگل کو عدالت میں پیش ہونا تھا لیکن ان کی طرف سے عالمی وبا کورونا کے پیش نظر ضلع اور سیشن جج کی عدالت میں حاضری معافی پیش کی گئی ہے۔ اس پر عدالت نے حاضری معافی منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت آئندہ 16 جنوری کو طے کر دی ہے۔

واضح رہے کہ جودھپور میں کالا ہرن شکار معاملے میں سال 2018 میں سلمان خان کو پانچ سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس معاملے میں دوسرے ملزم فلم اداکار سیف علی خان، اداکارہ نیلم، تبو اور سونالی بیندرے کو مشتبہ کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا تھا۔ سلمان کو تین دن بعد ضمانت مل گئی تھی۔


حالانکہ سلمان کو آرمس ایکٹ کے معاملے میں بری کر دیا گیا تھا لیکن ریاستی حکومت نے اسے چیلنج کیا ہوا ہے۔ سلمان خان نے بھی پانچ سال کی سزا کو چیلنج کیا ہوا ہے۔ ان دونوں معاملوں کی سماعت میں سلمان کو عدالت میں پیش ہونا تھا۔

یہ ہے معاملہ؟

جودھپور پولیس نے سلمان خان اور دیگر کے خلاف 2 اکتوبر 1998 کو کالا ہرن شکار کا معاملہ درج کیا۔ سلمان کے خلاف ہرن شکار کا معاملہ وشنوئی طبقہ کی طرف سے درج کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد سلمان خان کو ہرن شکار اور آرمس ایکٹ میں 12 اکتوبر 1998 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے پانچ دن بعد میں ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔


ہرن شکار کے معاملہ میں سلمان خان کو 17 فروری 2006 کو مجرم قرار دیا گیا تھا۔ گھوڑا فارم ہاؤس علاقہ میں شکار کے معاملہ میں 10 اپریل 2006 کو عدالت نے سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال کی سزا اور 25 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ ان دونوں معاملوں میں سلمان خان کو ہائی کورٹ سے راحت مل گئی تھی۔ ریاستی حکومت نے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ یہ دونوں معاملے ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */