کالے ہرن شکار معاملہ میں سلمان کی عرضی پر آئندہ سماعت 17 جولائی کو

کالے ہرن شکار معاملے میں قصوروار سلمان خان کو سنائی گئی 5 سال کی سزا کے خلاف جودھپور سیشن کورٹ میں اپیل داخل کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں عدالت نے آئندہ سماعت کی تاریخ 17 جولائی طے کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو کالا ہرن شکار کے معاملے میں سنائی گئی 5 سال کی سزا کے خلاف جودھپور کے سیشن کورٹ میں سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آئندہ سماعت کے لیے 17 جولائی کی تاریخ طے کی ہے۔

5 اپریل کو اس معاملے میں اس وقت کے جودھپور ضلع چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ دیو کمار کھتری نے سلمان خان کو قصوروار قرار دیا تھا۔ سزا سنائے جانے کے بعد سلمان خان کو حراست میں لے کر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ وہ 7 اپریل تک جیل میں رہے تھے۔ 7 اپریل کو سیشن کورٹ نے سلمان کو سنائی گئی 5 سال کی سزا پر روک لگاتے ہوئے انھیں شرط کے ساتھ ضمانت دے دی تھی۔ جب کہ اس معاملے میں ان کے ساتھی فلم اداکار سیف علی خان، اداکارہ نیلم، سونالی بیندرے اور تبو کو شبہ کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا تھا۔

سماعت کے دوران عدالت میں موجود ہونے کے لیے سلمان خان 6 مئی کو جودھپور پہنچے تھے۔ ممبئی سے جودھپور پہنچے سلمان کے ساتھ ان کی بہن الویرا، مہاراشٹر کے سابق ممبر اسمبلی بابا صدیقی اور باڈی گارڈ شیرا بھی آئے تھے۔

یہ معاملہ 1998 کا ہے جب سلمان خان فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے لیے جودھپور میں تھے۔ یہاں ان کے ساتھ سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے اور نیلم بھی تھیں۔ سلمان سمیت ان چاروں پر الزام تھا کہ انھوں نے یکم اکتوبر 1998 کو جودھپور کے نزدیک کانکانی گاؤں میں دو کالے ہرنوں کا شکار کیا تھا۔ اس سلسلے میں آرمس ایکٹ سمیت سلمان خان پر کل چار کیس درج ہوئے تھے اور تین معاملوں میں سلمان خان بری ہو چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 May 2018, 11:48 AM