’پوری طرح ناکام ہو چکی ہے بی جے پی کی ٹرپل انجن حکومت‘، آبی جماؤ پر اکھلیش یادو کا بی جے پی پر حملہ
اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’برسات کا موسم شروع ہوتے ہی شہروں کی حالت بہت خراب ہو گئی، نالے بھر گئے ہیں، سڑکوں میں گڈھے ہو رہے ہیں، نالیاں جام ہو رہی ہیں اور برسات کا پانی جگہ جگہ جمع ہو رہا ہے۔‘‘

اکھلیش یادو (فائل)/ سوشل میڈیا
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بارش کے موسم میں جگہ جگہ آبی جماؤ اور دیگر پریشانیوں کو لے کر بی جے پی پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی، ریاستی اور میونسپل کارپوریشنوں میں قابض حکمراں جماعت کی ’ٹرپل انجن حکومت‘ پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اکھلیش یادو کے مطابق وارانسی، گورکھپور، کانپور اور جھانسی تک ہر جگہ صورتحال ایک جیسی ہے۔ میونسپل کارپوریشنوں پر برسوں سے حکومت کرنے والی بی جے پی عوام کو بنیادی سہولیات اور صفائی ستھرائی فراہم نہیں کر پا رہی ہے۔ نالوں اور نالیوں کی صفائی کے بجٹ کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ صفائی کے نام پر صرف رسمی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ برسات کا موسم شروع ہوتے ہی شہروں کی حالت بہت خراب ہو گئی ہے، نالے بھر گئے ہیں، سڑکوں میں گڈھے ہو رہے ہیں، نالیاں جام ہو رہی ہیں اور برسات کا پانی جگہ جگہ جمع ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پانی نکالنے کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے اور شہروں میں گندگی اور کوڑے کا ڈھیر لگ چکا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت بارش کو سنجیدگی سے لے، کیونکہ حکومت کی بدانتظامی کا خمیازہ عام لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ ’ٹرپل انجن حکومت‘ کے اسمارٹ سٹی، گڈھوں سے پاک سڑکیں اور عوام کے لیے بنیادی سہولیات سے متعلق کیے جا رہے سارے دعوے ناکام ہو چکے ہیں۔ بی جے پی حکومت نے 9 سال میں زمین پر کوئی کام نہیں کیا۔ ان کی ترقی زمین پر نہیں ہے صرف کاغذوں پر ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت نے معاشرہ میں نفرت پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ہے اور عوام کے درمیان بی جے پی کی سچائی سامنے آ چکی ہے۔ اکھلیش یادو کے مطابق 2027 کے اسمبلی انتخاب میں ریاست کے لوگ بی جے پی کو ہمیشہ کے لیے ریاست سے ہٹا دیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔