دہلی میں بی جے پی کی ریکھا حکومت نے 100 دنوں کے دوران 10 گناہِ عظیم کیے: دیویندر یادو

ریکھا حکومت کے 100 دنوں کے دعووں کی حقیقت کو دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے سلسلہ وار طریقے سے عوام کے سامنے ظاہر کیے اور بتایا کہ کس طرح 100 دن عوام کے لیے بدحالی والے رہے۔

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو

user

قومی آواز بیورو

دہلی کی بی جے پی حکومت نے اپنے 100 دن مکمل کر لیے ہیں۔ اس تعلق سے بی جے پی لیڈران وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت والی اس حکومت کی بھرپور تعریف کر رہے ہیں۔ حالانکہ کانگریس نے ان تعریفوں کو بلاوجہ بتایا ہے اور کہا ہے کہ 100 دنوں کے دوران تو ریکھا گپتا حکومت نے 10 گناہِ عظیم کیے ہیں۔

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے 27 سال بعد دہلی میں برسراقتدار ہوئی بی جے پی حکومت کے 100 دن مکمل ہونے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اسی دوران انھوں نے مذکورہ بالا الزام ریکھا گپتا حکومت پر لگایا۔ اس پریس کانفرنس میں دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو، سابق وزیر ہارون یوسف، ڈاکٹر نریندر ناتھ، راجندر پال گوتم، کانگریس ترجمان ڈاکٹر راگنی نایک، ریاستی ترجمان ایڈووکیٹ سنیل کمار، ضلع انچارج ڈاکٹر پی کے مشرا وغیرہ موجود تھے۔


پریس کانفرنس کے دوران دہلی کانگریس کے ذریعہ حکومت کا تجزیہ کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں ترقیاتی کاموں کی بات تو دور، بی جے پی حکومت نے اس دوران 10 گناہِ عظیم کیے ہیں، جس کے لیے عوام کبھی انھیں معاف نہیں کرے گی۔ دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دہلی کی عوام نے جو امید لگائی تھی، اس امید پر حکومت کھری نہیں اتری۔ حکومت خواتین کے تحفظ و خود مختاری، سیکورٹی نظام، نشہ پر قابو پانا، دہلی میں نالوں کی صفائی، آلودگی سے نجات دلانے میں جہاں ناکام رہی وہیں 100 دن میں بی جے پی کی دہلی حکومت پوری طرح سے ’جملہ حکومت‘ ثابت ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس کا منظر</p></div>

پریس کانفرنس کا منظر

تصویر: پریس ریلیز

دیویندر یادو نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جس ہری بھری اور صحت مند دہلی کو کانگریس کی شیلا دیکشت حکومت چھوڑ کر گئی تھی، اس کو کیجریوال نے پہلی مدت کار میں بیمار کر دیا اور دوسری مدت کار میں آئی سی یو میں پہنچا دیا تھا۔ اب بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت نے دہلی کو محض 100 دنوں کی مدت کار میں ونٹیلیٹر پر پہنچا دیا ہے۔ دیویندر یادو نے بی جے پی حکومت میں ہوئے 10 گناہِ عظیم کو شمار بھی کرایا، جو اس طرح ہیں:

  1. ایک لاکھ کروڑ کے بجٹ کا جھوٹا اعلان

  2. دہلی کو محفوظ کرنے کی جگہ دہلی بی جے پی صدر کو زیڈ زمرہ کی سیکورٹی دی گئی

  3. اراکین اسمبلی کی تنخواہ بڑھانے کے لیے کمیٹی کی تشکیل

  4. ڈی ٹی سی کی جائیدادیں فروخت کرنے کی سازش

  5. بجلی خرید میں بھاری گھوٹالہ

  6. آلودگی کے اعداد و شمار میں ہیرا پھیری

  7. فساد کے ملزم کو کابینہ وزیر بنانا

  8. خواتین کے مفت سفر میں چھیڑ چھاڑ

  9. کام کے نام پر صرف نام بدلنے کی سیاست

  10. غریبوں کی روزی روٹی چھینی اور ان کے آشیانے اجاڑے

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔