بی جے پی کا اندرونی خلفشار منظر عام پر، ایودھیا میں کیشو پرساد موریہ کے سامنے ہی پارٹی لیڈر متصادم

اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ سابق ایم ایل اے کھبو تیواری کی والدہ کے انتقال کے بعد ان کی تیرھویں رسومات میں شامل ہونے کے لیے پہنچے تھے۔ اسی دوران دونوں بی جے پی لیڈروں میں جھڑپ ہوئی۔

کیشو پرساد موریہ، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

 بھارتہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اترپردیش یونٹ میں جاری عدم اطمینان اب منظرعام پرآتا نظر آرہا ہے۔ اس کا اندازہ ایودھیا میں ہوئے حالیہ واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے۔ یہاں ایک پروگرام کے دوران نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے سامنے ہی ضلع صدر سنجیو سنگھ اور بی جے پی لیڈر سچیدانند پانڈے کے درمیان اسٹیج پرہی ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ جس کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے دونوں میں بیچ بچاؤ کیا۔

’اے ابی پی نیوز‘ کے مطابق کیشو پرساد موریہ نے بھی اس واقعہ پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ اب اس واقعے کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس سے بی جے پی کے اندرونی جھگڑوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ سابق ایم ایل اے کھبو تیواری کی والدہ کے انتقال کے بعد تیرہویں کی رسومات میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران دونوں بی جے پی لیڈروں میں تصادم ہوگیا جس سے پروگرام میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی۔


اسٹیج پر نائب وزیراعلیٰ سمیت کئی لیڈر بیٹھے ہوئے تھے۔ اچانک سنجیو سنگھ اور سچیدانند پانڈے کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں بدل گیا۔ وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں لیڈر ایک دوسرے کی کالر پکڑ کردھکا مکی کررہے ہیں۔ اس منطر سےنائب وزیراعلیٰ انتہائی بے چین نظر آئے۔ موقع پر موجود پارٹی کارکنوں اور سیکورٹی اہلکاروں نے دونوں کو الگ کیا۔

مقامی کارکنوں کے مطابق دونوں لیڈروں کے درمیان دیرینہ رنجش چلی آرہی ہے اور جمعرات کو دونوں نائب وزیر اعلیٰ کے سامنے ہی متصادم ہوگئے۔ فی الحال اس معاملے میں دونوں لیڈروں کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


اس کے علاوہ جمعہ کے روزمہوبہ میں ایک تقریب کے دوران ریاست کے آبی وسائل کے وزیر سوتنتر دیو سنگھ اور چرکاھری کے ایم ایل اے برج بھوشن راجپوت کے درمیان ان کے علاوے میں ’جل کل اسکیم‘ پر کام نہ ہونے کو لے کرناراضگی دیکھنے کو ملی۔  ایم ایل اے کے کارکنوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپ کا ویڈیو بھی وائرل ہورہا ہے۔ دونوں ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہے ہیں، جو بی جے پی کے اندر بڑے پیمانے پر عدم اطمینان کا اشارہ دے رہے ہیں۔ فی الحال بی جے پی کے کسی سینئر عہدیدار نے اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔