’ترقیات کے بنیادی ایشوز سے توجہ بھٹکانا بی جے پی کی شناخت‘، کانگریس صدر نے مودی حکومت پر کیا حملہ

ملکارجن کھڑگے نے الزام عائد کیا کہ ترقیات کے بنیادی ایشوز سے جذباتی اور پولرائزیشن والے موضوعات کی طرف دھیان بھٹکانا بی جے پی کی سیاست کی شناخت رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آسام اور شمال مشرق کی کچھ دیگر ریاستوں میں سیلاب و لینڈ سلائڈنگ سے پیدا مشکل حالات پر اپنی فکر کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے 2 جون کو الزام عائد کیا کہ ترقیات کے بنیادی ایشوز سے جذباتی اور پولرائزیشن والے ایشوز کی طرف توجہ بھٹکانا بی جے پی کی سیاست کی شناخت بن چکی ہے۔

دراصل آسام میں سیلاب کی حالت انتہائی سنگین بنی ہوئی ہے۔ ریاست کی 10 اہم ندیاں خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہیں، جبکہ 15 سے زائد اضلاع میں تقریباً 4 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہیں۔ ان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس صدر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ’’شمال مشرق تباہ کن سیلاب، لینڈ سلائڈ اور شدید بارش سے نبرد آزما ہے۔ آسام، اروناچل پردیش، منی پور، سکم اور میگھالیہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں شامل ہے، جہاں کئی لوگوں کی جان چلی گئی ہے اور لاکھوں افراد متاثر ہیں۔‘‘


کھڑگے نے کانگریس لیڈران و کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ بحران زدہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کریں اور ہر ممکن طریقے سے تعاون کا ہاتھ بڑھائیں۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں کھڑگے نے دعویٰ کیا کہ ’’2016 میں بی جے پی نے ’سیلاب سے پاک‘ آسام بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ 2022 میں وزیر داخلہ امت شاہ نے یہ دعویٰ دہرایا۔ نام نہاد ’اسمارٹ سٹی‘ گواہاٹی کے مناظر کو دیکھ کر یاد آتا ہے کہ کس طرح (وزیر اعظم نریندر) مودی جی اور ان کی ڈبل انجن حکومت نے آسام کو دھوکہ دیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ مودی حکومت کو سیلاب کی تیاریوں کے لیے شمال مشرق کی سبھی ریاستوں، خصوصاً آسام کو زیادہ امدادی رقم جاری کرنی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔