’بی جے پی کا پہلے دن پہلا شو فلاپ ہو گیا‘، اکھلیش یادو کی بی جے پی پر سخت تنقید

اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ عوام کو بی جے پی کی نہ اداکاری اچھی لگ رہی ہے، نہ کہانی، نہ گھسے پٹے ڈائیلاگ۔ ملک کے باشعور لوگوں کو اپنے نئے مستقبل کا انتخاب کرنے کے لیے پیشگی مبارکباد۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر: آئی اے این ایس</p></div>

تصویر: آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے پہلے مرحلے کے انتخابات کو بی جے پی کے لیے فلاپ شو قرار دیا ہے۔ اکھلیش یادو نے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کا پہلے دن، پہلا شو فلاپ ہو گیا ہے۔‘‘

اکھلیش یادو نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’’اب عوام کو بی جے پی والوں کی نہ اداکاری پسند آ رہی ہے، نہ کہانی، نہ ہی گھسا پٹا ڈائیلاگ۔ بی جے پی کی کھڑکی خالی ہے۔ ملک کے باشعور لوگوں کو اپنے نئے مستقبل کا انتخاب کرنے کے لیے پیشگی مبارکباد اور جن کمیونٹیز نے روایت سے ہٹ کر انڈیا الائنس کے امیدواروں کی کھل کر حمایت کی اور انہیں ووٹ دیا اور مسلسل دے رہے ہیں، ان تمام کے نئے سیاسی شعور کو سلام۔‘‘


واضح رہے کہ اکھلیش یادو لگاتار بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی امیدواروں کے لیے وہ انتخابی تشہیر میں بھی مصروف ہیں جس میں مرکز کی مودی حکومت کو خصوصی طور پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے گزشتہ دنوں مراد آباد لوک سبھا سیٹ سے سماجوادی پارٹی کی امیدوار روچی ویرا کے لیے انتخابی مہم چلاتے ہوئے ایک جلسۂ عام سے خطاب کیا تھا۔ اس دوران بھی انھوں نے بی جے پی کی سخت تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی پریوارواد (اقربا پروری) کی بہت بات کرتی ہے، اگر وہ پریوارواد کے خلاف ہے تو عہد کرے کہ وہ کسی پریوار (فیملی) والے کو ٹکٹ نہیں دے گی اور نہ ہی پریوار والوں سے ووٹ مانگے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی 2014 میں آئی تھی اور 2024 میں جائے گی، مرکز کے ساتھ ساتھ جلد ہی ریاستی حکومت بھی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔