’راہل گاندھی کے سامنے بی جے پی کی حالت پتلی، اس لئے بنایا ای ڈی کو کٹھ پُتلی‘

کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت کے سامنے بی جے پیی کی حالت پتلی ہو گئی ہے اس لئے اس نے ای ڈی کو کٹھ پتلی بنا لیا ہے

ابھیشیک منو سنگھوی / ویڈیو گریب
ابھیشیک منو سنگھوی / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی آج پانچویں مرتبہ ای ڈی کے دفتر میں سوالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے ای ڈی کی اس کارروائی کی پرزور مخالفت کی جا رہی ہے۔ دریں اثنا، کانگریس لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران راہل گاندھی کو بار بار ای ڈی کی جانب سے طلب کئے جانے پر سوالات اٹھائے۔

ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا، ’’آپ سب دیکھ رہے ہیں کہ راہل گاندھی کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، سات سال بعد 5 دن میں 50 سے 55 گھنٹے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔ ای ڈی سنچری بنانے کی خواہشمند ہے یا نہیں یہ تو نہیں معلوم لیکن یہ ہم سبھی جانتے ہیں کہ راہل گاندھی کی قیادت کے سامنے بی جے پی کی حالت پتلی ہو گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ بی جے پی نے ای ڈی کو کٹھ پتلی بنا لیا ہے۔‘‘


سنگھوی نے کہا کہ یہ صاف ہے کہ اس طرح 7 سال پرانے کیس میں 5 دن میں 50 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے لئے کسی کو بلایا نہیں جاتا۔ مودی حکومت اور برسراقتدار بی جے پی کو معلوم ہے کہ ملک کے تمام اہم مسائل عوام کو متاثر کر رہے ہیں، انہی سے توجہ ہتانے کے لئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی اس حکومت کو برسوں سے آئینہ دکھا رہے ہیں، اس لئے یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔‘‘

انہوں نے کہا ’’جب سمن آئے تھے تو میں نے میڈیا کے سامنے کئی سوال رکھے تھے، جن کا ای ڈی اور حکومت جواب نہیں دیتی ہے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ ای ڈی اور حکومت ان سوالوں کا جواب نہیں دینا چاہتی؟ آخر ایسی بات کیا ہے جو ای ڈی کے سوالات 5 دن اور 50 گھنٹوں بعد بھی ختم نہیں ہو رہے۔ مجھے بھی تجربہ ہے اور میں نے 40-45 سال وکیل کے طور پر کام کیا ہے لیکن میں بھی سمجھنے سے قاصر ہوں!‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ سوچتے ہیں کہ راہل گاندھی اور کانگریس اس سب سے دب جائیں گے تو آپ منگیری لال کے حسین خواب سجا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */