’بی جے پی کا سُپاری کِلر ای ڈی آج پھر پنجاب پہنچ گیا‘، کابینہ وزیر سنجیو اروڑا کے گھر پر چھاپہ ماری کے بعد عآپ کا ردعمل

بھگونت مان نے کہا کہ ’آج پھر بی جے پی کی ای ڈی سنجیو اروڑا کے گھر آئی ہے۔ ایک سال میں یہ تیسری بار ان کے گھر بی جے پی کی ای ڈی آئی ہے اور گزشتہ ایک ماہ میں دوسری بار، پھر بھی انہیں کچھ نہیں ملا ہے۔‘

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

پنجاب حکومت کے کابینہ وزیر اور عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سینئر رہنما سنجیو اروڑا کی چندی گڑھ میں واقع سرکاری رہائش پر ہفتے کی صبح انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چھاپہ مارا۔ ای ڈی کی ٹیم صبح تقریباً 7 بجے سیکٹر-2 میں واقع رہائش پر پہنچی۔ اطلاعات کے مطابق ای ڈی کے افسران تقریباً 20 گاڑیوں میں وزیر سنجیو اروڑا کے گھر پہنچے۔ سیکورٹی کے انتظامات برقرار رکھنے کے لیے سی آئی اے اور اسپیشل فورس کے تقریباً 3 درجن جوانوں کو بھی تعینات کیا گیا۔ سرچ آپریشن صبح 7:25 بجے شروع ہوئی، جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی کی یہ کارروائی مبینہ منی لانڈرنگ، اے ای ایم اے کی خلاف ورزی، زمین سے متعلق معاملات اور مشکوک مالی لین دین کی تحقیقات کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ ایجنسی نے نہ صرف چندی گڑھ بلکہ لدھیانہ، جالندھر اور گروگرام سمیت کئی شہروں میں بھی چھاپے مارے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تحقیقات کے دائرے میں سنجیو اروڑا کے اہل خانہ اور ان کی کمپنی سے وابستہ کچھ دفاتر بھی شامل ہیں۔


ای ڈی کی کارروائی کو لے کر پنجاب کی سیاست گرما گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بی جے پی اور مرکزی حکومت پر سخت حملہ بولا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’آج پھر سے بی جے پی کی ای ڈی سنجیو اروڑا کے گھر آئی ہے۔ ایک سال میں یہ تیسری بار ان کے گھر بی جے پی کی ای ڈی آئی ہے اور گزشتہ ایک مہینے میں دوسری بار، پھر بھی انہیں کچھ نہیں ملا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’میں مودی کو بتانا چاہتا ہوں کہ پنجاب گروؤں کی سرزمین ہے، اورنگزیب بھی ہمیں نہیں جھکا سکا تھا۔ یہ بھگت سنگھ کی سرزمین ہے جو انگریزوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے، تو مودی کے ان ہتھکنڈوں کے سامنے پنجاب کبھی نہیں جھکے گا۔ ای ڈی-بی جے پی کے اس غیر اخلاقی اتحاد کا خاتمہ پنجاب سے ہی ہوگا۔‘‘

وزیر اعلیٰ بھگونت مان کے علاوہ عآپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے بھی مرکزی حکومت پر اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بنانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بی جے پی کا سُپاری کِلر ای ڈی آج پھر پنجاب پہنچ گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے کابینہ وزیر سنجیو اروڑا کے گھر چھاپہ ماری شروع ہو گئی ہے۔ دو تین دن تماشہ چلے گا، فرضی خبریں چلیں گی، سپاری کلر واپس چلے جائیں گے۔ پھر مالک کی طرف سے انہیں نیا ٹاسک دیا جائے گا۔‘‘ ساتھی ہی انہوں نے لکھا کہ ’’پنجاب کی بھگونت مان حکومت کو بدنام کرنے کے لیے اور پنجاب کے عوام کا کام روکنے کے لیے، مودی جی آپ اور کتنے ہتھکنڈے اپنائیں گے؟‘‘


پنجاب حکومت میں وزیر ہرپال چیما کا بھی اس معاملے میں ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی کے لوگوں نے ایک بار پھر پنجاب میں ای ڈی کو بھیجا ہے، اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ جہاں بھی انتخاب ہوتا ہے، وہاں بی جے پی کے لوگ 7-6 ماہ پہلے سے ہی اس طرح کے کام شروع کر دیتے ہیں تاکہ وہ لوگوں کو پریشان کر سکیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارے لیڈروں کو دھمکایا جا رہا ہے، لیکن اس سے کچھ ہونے والا نہیں ہے۔ ہم لوگ آئین پر یقین رکھتے ہیں، یہ لوگ ایس آئی آر کے ذریعے بھی لوگوں کے نام کاٹ کر ووٹ لوٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔