کیجریوال کی رہائش کے باہر بی جے پی یوتھ کارکنان کا شدید مظاہرہ اور توڑ پھوڑ، تیجسوی سوریہ زیر حراست

بی جے پی لیڈر تیجسوی سوریہ پولیس کی بس کی چھت پر چڑھ گئے تھے، مظاہرہ کے دوران کیجریوال کے گھر کے دروازے کو لال رنگ سے پینٹ بھی کیا گیا ہے۔

تصویر ٹوئٹر@AamAadmiParty
تصویر ٹوئٹر@AamAadmiParty
user

قومی آوازبیورو

کشمیری پنڈتوں کے ایشو پر دہلی میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش کے سامنے مظاہرہ کرنے پہنچے بی جے پی لیڈر تیجسوی سوریہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ تیجسوی سوریہ اور تیجندر پال سنگھ بگّا بی جے پی کارکنان کے ساتھ وہاں مظاہرہ کرنے کے لیے پہنچے تھے۔ اس دوران وہاں بی جے پی کارکنان نے خوب ہنگامہ کیا۔ اس تعلق سے عام آدمی پارٹی (عآپ) نے بی جے پی کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عآپ لیڈر آتشی نے سوال کیا ہے کہ ’’کیا توڑ پھوڑ کرنے کے احکامات امت شاہ نے دیئے تھے؟‘‘

موصولہ اطلاعات کے مطابق تیجسوی سوریہ پولیس کی بس کی چھت پر چڑھ گئے تھے۔ مظاہرہ کے دوران کیجریوال کے گھر کے دروازے کو لال رنگ سے پینٹ بھی کیا گیا ہے۔ پینٹ کرنے کو لے کر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ وہ کیجریوال کو یاد دلانا چاہتے تھے کہ کشمیری پنڈتوں کے ساتھ کس طرح نسل کشی ہوئی ہے۔ اس لیے وہ آج سڑکوں پر اترے ہیں۔ ’ٹائمز ناؤ‘ سے بات کرتے ہوئے تیجسوی سوریہ نے کہا کہ ’’اروند کیجریوال کو اس ملک کے ہندوؤں سے معافی مانگنی چاہیے۔ یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمیں معافی نہیں ملتی۔‘‘


بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کارکنان نے اس مظاہرہ کے دوران توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس سلسلے میں عآپ لیڈر راگھو چڈھا نے کہا کہ پنجاب میں شکست کے بعد سے بی جے پی بوکھلا گئی ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’عزت مآب وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال جی کی رہائش پر بی جے پی کے غنڈوں کے ذریعہ کیا گیا حملہ بے حد قابل مذمت ہے۔ پولیس کی موجودگی میں ان غنڈوں نےبیریکیڈ توڑے، سی سی ٹی وی کیمرا توڑا۔ پنجاب کی شکست کی بوکھلاہٹ میں بی جے پی والے اتنی گھٹیا سیاست پر اتر گئے۔‘‘

عآپ کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل نے بی جے پی پر کیجریوال کی رہائش پر توڑ پھوڑ کرنے کا شدید الزام عائد کیا ہے۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے ’’وزیر اعلیٰ کیجریوال کے گھر پر بی جے پی نے حملہ کیا! سیکورٹی بیریئر توڑا گیا، سی سی ٹی وی کیمرے ٹوٹے، بی جے پی کو دہلی پولیس کی مکمل حمایت رہی۔‘‘ واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال کے خلاف ان کے بیان کے لیے یہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے۔ الزام ہے کہ کیجریوال نے کشمیری پنڈتوں کے قتل عام کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔