بی جے پی نے ہندوتوا، پولرائزیشن اور چالاکی سے الیکشن جیتا: اشوک گہلوت

راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہندوتوا اور پولرائزیشن کے نام پر چالاکی سے بیان بازی کرکے چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہندوتوا اور پولرائزیشن کے نام پر چالاکی سے بیان بازی کرکے چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔

گہلوت نے آج یہاں ڈانڈی مارچ کی یاد میں نکالے گئے ایک علامتی امن مارچ کے موقع پر صحافیوں سے یہ بات کہی۔ پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات پر کئے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہندوتوا کے نام پر، پولرائزیشن کے نام پر اور چالاکی سے بیان بازی کرکے الیکشن جیت گئی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آج پورا میڈیا دباؤ میں ہے اور جسے مودی میڈیا کہا جاتا ہے اس کی پوری توجہ انتخابات پر مرکوز رہی۔


یہ میڈیا سکرین کا گیم تھا، اس سے لوگوں کی سوچ بدلی، ساتھ میں چالاکی سے جو بیان بازی کی گئی اس سے بی جے پی جیت گئی۔ ۔ ملک کے حالات سنگین ہیں اور اتر پردیش میں کورونا کا انتظام کیسا تھا، لوگوں کو معلوم تھا لیکن یہ سب باتیں پیچھے رہ گئیں، کیونکہ باتیں ہوشیاری سے کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تشدد اور کشیدگی کا ماحول ہے جو مناسب نہیں ہے۔ ہمیں گاندھی کے راستے پر چلنا چاہئے لیکن سیاست چالاکی سے کی جارہی ہے، ہندوتوا کے نام پر سیاست کی جارہی ہے۔ ہم سب ہندو ہیں لیکن پولرائزیشن اور چالاکی سے تقریر کرکے الیکشن جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں جیت سچائی کی ہوگی۔

گہلوت نے کہا کہ یوکرین اور روس میں جنگ جاری ہے اور پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ وہاں امن قائم ہونا چاہیے۔ امن کا راستہ ہی ملک اور دنیا کے لیے فائدہ مند ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔