’تلنگانہ میں برسراقتدار ہونے پر مسلم ریزرویشن ختم کرے گی بی جے پی‘، امت شاہ نے کھیلا ہندوتوا کارڈ!

ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں تسکین والی سیاست کو فروغ دینے کے لیے مسلم ریزرویشن دیا گیا۔

<div class="paragraphs"><p>امت شاہ، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/AmitShah">@AmitShah</a></p></div>

امت شاہ، تصویر@AmitShah

user

قومی آوازبیورو

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے تلنگانہ کے جنگاؤں میں ایک انتخابی ریلی کے دوران کے سی آر، کانگریس اور اے آئی ایم آئی ایم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے بیان میں ’ہندوتوا کارڈ‘ کھیلتے ہوئے ریاست سے مسلم ریزرویشن کو ختم کرنے کا وعدہ کیا۔ انھوں نے بھارتیہ راشٹر سمیتی (بی آر ایس)، کانگریس اور اے آئی ایم آئی ایم (آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین) کو کنبہ پرور پارٹی قرار دیا اور ساتھ ہی اعلان کیا کہ بی جے پی تلنگانہ میں برسراقتدار ہوئی تو ریاست میں 4 فیصد ریزرویشن کو ختم کر دے گی۔ حکومت بننے کے بعد یہاں کے لوگوں کو مفت میں ایودھیا میں بھگوام شری رام کے دَرشن کروائے گی۔

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے اپوزیشن پارٹیوں پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہاں تسکین کی سیاست کو فروغ دینے کے لیے مسلم ریزرویشن دیا گیا ہے۔ برسراقتدار ہونے پر بی جے پی اس ریزرویشن کو ختم کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’تلنگانہ میں ہونے والا آئندہ اسمبلی انتخاب ملک کا مستقبل طے کرنے والا ہے۔‘‘


بی آر ایس کی قیادت والی کے سی آر حکومت میں موجود بدعنوانیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ ان کے سبھی سودے کی جانچ کی جائے گی۔ جس نے بھی بدعنوانی کی ہے، وہ سب جیل کے اندر جائیں گے۔ انھوں نے مودی حکومت کی تعریف بھی اپنی تقریر کے دوران کی۔ امت شاہ نے کہا کہ پی ایم مودی کی قیادت میں ملک تیزی سے آگے بڑھا ہے۔ نیا پارلیمنٹ ہاؤس بنا کر غلامی کی نشانی سے بھی آزادی دلانے کا کام وزیر اعظم مودی نے کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔