بی جے پی پلانی سوامی کا بھی وہی حشر کرے گی جو بہار کے وزیر اعلی کا ہوا ہے: وزیراعلیٰ اسٹالن
وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن نے زور دے کر کہا کہ ڈی ایم کے عوام کے لیے اسکیمیں بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے میں یقین رکھتی ہے، جب کہ بی جے پی ان سے سب کچھ چھیننے میں یقین رکھتی ہے۔

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اے آئی اے ڈی ایم کے کے سربراہ ای کے پلانی سوامی کا بھی ویسا ہی حشر کرے گی جیسا بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کا ہوا ہے۔ اسٹالن نے یہ بڑا بیان ہفتے کے روز سابق وزیر اعلیٰ او پنیرسیلوم کے حامیوں کو دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) میں شامل کرنے کے لیے منعقدہ ایک پروگرام میں دیا۔ اے آئی اے ڈی ایم کے سے برطرف کئے گئے پنیرسیلوم نے حال ہی میں حکمراں ڈی ایم کے میں شمولیت اختیار کی تھی۔
وزیراعلیٰ اسٹالن نے کہا کہ او پنیرسیلوم وفاداری کی مثال ہیں جب کہ اے آئی اے ڈی ایم کے کے سربراہ پلانی سوامی ’غداری‘ کی علامت ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ پلانی سوامی خود کو بچانے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم جی رامچندرن اور جے جے للتا کے ذریعہ بنائی گئی اے آئی اے ڈی ایم کے کو بی جے پی کے ہاتھوں گروی رکھ کر پلانی سوامی نے دھوکہ دیا ہے۔
بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے اسٹالن نے مزید کہا کہ پلانی سوامی کو لگتا ہے کہ بی جے پی ان کے ساتھ اچھا کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کبھی بھی کسی کے لیے کچھ اچھا نہیں کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں 60 روپے فی سلنڈر اضافے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کو ’یوم خواتین‘ کے موقع پر ایک تحفہ تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم مودی نے 2024 میں فی سلنڈر 100 روپئے کی تخفیف کرکے خواتین کا بوجھ کم کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اسٹالن نے سوال کیا کہ آج یہ بوجھ کیوں بڑھایا گیا؟ انہوں نے اس اضافے کو ’ووٹ چوری‘ کے الزام جیسا بتاتے ہوئے کہا کہ کیا قیمتیں بڑھا کرعوام سے پیسے لینا مناسب ہے؟ انہوں نے اس الزام کو دہرایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت آئندہ اسمبلی انتخابات کے بہانے خواتین کو ماہانہ امداد کے اجراء میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسٹالن نے زور دے کر کہا کہ ڈی ایم کے عوام کے لیے اسکیمیں بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے میں یقین رکھتی ہے، جب کہ بی جے پی ان سے سب کچھ چھیننے میں یقین رکھتی ہے۔
مرکزی حکمراں پارٹی پر طنز کرتے ہوئے اسٹالن نے کہا کہ کیا بی جے پی، جو کچھ بھی اچھا نہیں کرتی ہے، وہ اے آئی اے ڈی ایم کے کے لیے کچھ اچھا کرے گی؟ یہ اے آئی اے ڈی ایم کے کا خون چوس لے گی اور ایسا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پلانی سوامی کو اس بارے میں کوئی شک ہے تو انہیں بہار کی طرف دیکھنا چاہئے۔ نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبر چونکا دینے والی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔