بی جے پی میں آنے والے کی دھلائی ’واشنگ مشین‘ سے ہوتی ہے، مودی حکومت کے وزیر کا اعتراف

مہاراشٹر بی جے پی کے صابق صدر دانوے نے یہیں پر بس نہیں کیا اور مزید کہا کہ ’’ہمارے پاس گجرات کا نِرما واشنگ پاؤڈر بھی ہے۔ اس سے بھی نیتاؤں کی دھلائی کی جاتی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مودی حکومت کے وزیر راو صاحب دانوے پاٹل نے ایک متنازعہ بیان دے کر اپنی ہی پارٹی کو غیر آرام دہ صورت حال میں ڈال دیا ہے۔ صارفین امور کے وزیر مملکت پاٹل نے مہاراشٹر کے جالنا میں کہا کہ بی جے پی کے پاس ایک واشنگ مشین ہے اور وہ دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے سے پہلے اسے اس مشین سے دھو دیتی ہے۔

مہاراشٹر بی جے پی کے صابق صدر دانوے نے یہیں پر بس نہیں کیا اور مزید کہا کہ ’’ہمارے پاس گجرات کا نِرما واشنگ پاؤڈر بھی ہے۔ اس سے بھی نیتاؤں کی دھلائی کی جاتی ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ بی جے پی پر اکثر یہ الزام عائد ہوتے ہیں کہ کوئی کتنا بھی بدعنوان یا داغی رہنما کیوں نہ ہو بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے ساتھ ہی وہ نہایت ہی ایماندار اور صاف شبیہ والا بن جاتا ہے۔‘‘

ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ راؤ صاحب دانوے پاٹل نے کوئی متنازعہ بیان دیا ہے۔ رواں سال لوک سبھا انتخابات کے دوران مہاراشٹر کے جالنا میں دال خرید سے متعلق سوال پر بھی انہوں نے قابل اعتراض بیان دیا تھا۔ پاٹل نے کہا تھا، ’’حکومت دال تو خرید رہی ہے، تم اخبار زیادہ پڑھتے ہو۔ تم لوگ ارہر، کپاس اور دلہن کا رونا اب بند کرو۔‘‘ اسی اثنا میں پاٹل نے نازیبا الفاظ کا بھی استعمال کیا تھا۔


قبل ازیں، صوبہ میں کسانوں کی خود کشی کے حوالہ سے بھی دانوے قابل اعتراض بیان دے چکے ہیں، جس پر شیو سینا کی طرف سے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔ معلوم ہو کہ پاٹل پہلے مہاراشٹر بی جے پی کے صدر تھے جنہیں بعد میں مرکزی وزیر بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے عہدہ صدارت سے استعفی دے دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Aug 2019, 4:10 PM