مہاراشٹر بحران: ’آسام کے عوام سیلاب سے بے حال، لیکن بی جے پی اپنی ہوس بجھانے میں مصروف‘

مہاراشٹر کے وزیر ایکناتھ شندے کی قیادت میں باغی شیوسینا اراکین اسمبلی آسام کے گواہاٹی میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں، اس وجہ سے مہاراشٹر کی ادھو ٹھاکرے حکومت مشکل میں آ گئی ہے۔

گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
گورو گگوئی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے درمیان کانگریس لیڈر گورو گگوئی نے آج کہا کہ بی جے پی نے سیلاب متاثرہ شمال مشرق کے لوگوں سے منھ موڑ لیا ہے اور چنی ہوئی (مہاراشٹر) حکومت کو گرا کر صرف اقتدار کی اپنی ہوس بجھانے میں لگی ہے۔ گگوئی نے پی ایم مودی کے ذریعہ اب تک سیلاب سے بری طرح متاثر آسام کا دورہ نہیں کرنے پر بھی سوال اٹھایا۔

آسام میں سیلاب کے قہر اور مہاراشٹر کے باغی شیوسینا اراکین اسمبلی کے ریاست میں پناہ لینے پر بڑا حملہ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر گورو گگوئی نے آج کہا کہ بی جے پی سیلاب متاثرہ شمال مشرقی عوام کا درد نہیں دیکھ رہی، وہ اندھی ہو گئی ہے اور ایک چنی گئی حکومت کو گرا کر صرف اقتدار کی ہوس مٹانا چاہتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم یا تو گجرات انتخاب کی تشہیر میں مصروف ہیں یا مہاراشٹر میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے پہلے کبھی نہیں دیا کہ ایسے وقت میں جب لوگوں کے پاس پینے کا پانی تک نہیں ہے، ایک حکومت سبھی سرکاری وسائل کا استعمال اپنے سیاسی مقاصد کو پورا کرنے میں کر رہی ہے۔


کانگریس رکن پارلیمنٹ نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا کہ ’’اگر کوئی بحران ہے تو وہ سیلاب ہے۔ لیکن بی جے پی اقتدار کے لیے اندھی ہو گئی ہے۔ آسام میں زبردست سیلاب کا قہر جاری ہے، وزیر اعظم کو ریاست کا دورہ کرنا چاہیے، اسپیشل پیکیج کا اعلان کرنا چاہیے لیکن وہ مہاراشٹر حکومت کو گرانے میں مصروف ہیں۔ بی جے پی کے لیے اقتدار ہی سب کچھ ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ سیلاب متاثرین کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے، لوگ مر رہے ہیں اور شمشان سیلاب کے پانی سے بھر رہا ہے۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر کےو زیر ایکناتھ شندے کی قیادت میں کئی شیوسینا اراکین اسمبلی آسام کے گواہاٹی کے ایک ہوٹل میں ڈیرا ڈالے ہوئے ہیں جس سے مہاراشٹر کی ادھو ٹھاکرے حکومت بحران کا شکار ہو گئی ہے۔ یہ سبھی باغی اراکین اسمبلی سورت سے گواہاٹی پہنچے ہیں۔ بدھ کو وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے اس ہوٹل کا دورہ کیا جہاں باغی اراکین اسمبلی ٹھہرے ہوئے ہیں۔ مہاراشٹر کے اراکین اسمبلی کی شاہی مہمان نوازی کی جا رہی ہے اور اس کے لیے آسام کانگریس نے وزیر اعلیٰ بسوا سرما کو زوردار پھٹکار لگائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔