بی جے پی نے ’فسادیوں‘ کو 2002 میں سبق سکھایا، وہ لوگ 2022 تک تشدد سے دور رہے! امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھروچ ریلی میں کہا کہ 2002 میں سبق سکھائے جانے کے بعد فسادیوں نے تشدد ترک کر دیا اور وہ 2002 سے 2022 تک تشدد سے دور رہے

امت شاہ
امت شاہ
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: گجرات انتخابات میں تمام پارٹیوں کی طرف سے انتخابی مہم مسلسل جاری ہے۔ دریں اثنا، جمعہ 25 نومبر کو گجرات کے بھروچ میں ایک ریلی کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے انتخابی مہم کے دوران سال 2002 کے مسلم مخالف فسادات کی یاد دلائی۔ بھروچ کے واگرا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’جب یہ کانگریسی تھے تو روز فسادات ہوتے تھے یا نہیں؟ لیکن ایسی ہی کوشش 2002 میں کی گئی جب نریندر بھائی وہاں تھے، 2002 میں انہوں نے تشدد کرنے کی جسارت کی تھی، انہیں ایسا سبق سکھایا گیا کہ 2022 تک یعنی آج تک کوئی ایسی کوشش کرنے کا نام نہیں لے رہا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ’’فسادی گجرات سے باہر چلے گئے تھے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے گجرات میں امن قائم کیا ہے اور کرفیو کے بغیر ریاست بنانے کا کام کیا ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ فروری 2002 میں گجرات کے گودھرا ریلوے اسٹیشن پر ٹرین میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد ریاست کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر مسلم مخالف فسادات برپا ہوئے تھے۔ جس کے بعد اس وقت کی ریاست کی نریندر مودی حکومت پر کئی الزامات عائد ہوئے تھے۔


امت شاہ نے ریاست میں اگلے ماہ ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل کھیڑا ضلع کے مہودھا میں بی جے پی امیدواروں کے حق میں ایک ریلی نکالی۔ انہوں نے الزام لگایا، ''گجرات میں کانگریس کے دور حکومت میں (1995 سے پہلے) اکثر فرقہ وارانہ فسادات ہوتے تھے۔ کانگریس مختلف برادریوں اور ذاتوں کے افراد کو ایک دوسرے کے خلاف اکساتی تھی۔ کانگریس نے اس طرح کے فسادات کے ذریعے اپنا ووٹ بینک مضبوط کیا اور سماج کے ایک بڑے طبقے کے ساتھ ناانصافی کی۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گجرات میں 2002 کے فسادات اس لیے ہوئے تھے کہ مجرموں کو طویل عرصے تک کانگریس کی حمایت کی وجہ سے تشدد میں ملوث ہونے کی عادت ہو گئی تھی۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہا، "لیکن 2002 میں سبق سکھائے جانے کے بعد، ایسے عناصر نے (تشدد کا) راستہ چھوڑ دیا اور وہ 2002 سے 2022 تک تشدد سے دور رہے۔‘‘


امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی نے فرقہ وارانہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کر کے گجرات میں دیرپا امن قائم کیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہ نے الزام لگایا کہ کانگریس اپنے ’ووٹ بینک‘ کی وجہ سے اس کے خلاف تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔