ہماچل پردیش میں عآپ سے ڈر گئی بی جے پی، انتخاب سے قبل وزیر اعلیٰ بدلنے کی تیاری: منیش سسودیا

منیش سسودیا نے کہا کہ جئے رام ٹھاکر ایک ناکام وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں، انھوں نے کچھ نہیں کیا، نہ اسکول بنوائے، نہ اسپتالوں میں کچھ کیا، نہ روزگار کے شعبہ میں کوئی بہتر قدم اٹھایا۔

منیش سسودیاِ تصویر آئی اے این ایس
منیش سسودیاِ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے جمعرات کو ہماچل پردیش سے متعلق ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست کے موجودہ وزیر اعلیٰ کو ہٹا کر اب نئے چہرے کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے اور انوراگ ٹھاکر کا نام سامنے آ رہا ہے۔ منیش سسودیا نے یہ دعویٰ تب کیا ہے جب ایک دن پہلے ہی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ہماچل کے منڈی میں ایک روڈ شو کیا تھا۔

جمعرات کو منیش سسودیا نے میڈیا کے سامنے آ کر کہا کہ ’’اروند کیجریوال کا کیجریوال ماڈل آف گورننس ملک بھر میں لوگوں کے لیے ایک امید بنتا جا رہا ہے۔ جیسے جیسے یہ امید بن رہی ہے، اسی طرح بی جے پی کے من میں ڈر بھی بن رہا ہے۔ ہمیں یہ پتہ لگا ہے کہ بی جے پی ہماچل پردیش میں اپنا وزیر اعلیٰ بدلنے جا رہی ہے۔‘‘ سسودیا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جئے رام ٹھاکر ایک ناکام وزیر اعلیٰ ثابت ہوئے ہیں۔ انھوں نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا اور نہ اسکول بنوائے۔ اسپتالوں کے لیے بھی کچھ نہیں کیا اور روزگار کا بھی برا حال ہے۔ ساڑھے چار سال کی ناکامی کو چھپانے کے لیے اب بی جے پی جئے رام ٹھاکر کو ہٹا کر انوراگ ٹھاکر کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتی ہے۔‘‘


منیش سسودیا نے کہا کہ میں بی جے پی سے کہنا چاہوں گا کہ چاہے آپ چہرے بدل لو، آپ نے ہماچل کے عوام کو دھوکہ دیا، ان کی امیدوں کو توڑا ہے، اب آپ کو عوام یاد نہیں کرنے والی ہے۔ اب عوام کے درمیان کیجریوال جی پہنچ چکے ہیں۔ آئندہ انتخاب میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کی حکومت بنے گی۔ اب وزیر اعلیٰ یا وزیر بدلنے سے کچھ نہیں ہونے والا۔ آپ کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے کہ آپ نے ان کے ساڑھے چار سال خراب کر دیئے۔

دراصل ہماچل پردیش میں فی الحال بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیدھا مقابلہ ہے۔ ریاست میں جئے رام ٹھاکر کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت ہے اور 68 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے 43، کانگریس کے 22، سی پی آئی ایم کا 1 اور 2 آزاد امیدوار ہیں۔ بی جے پی ہماچل پردیش میں ہر حال میں جیت درج کرنا چاہے گی۔ پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا اسی ریاست سے تعلق رکھتے ہیں۔


دوسری طرف پنجاب میں زبردست جیت حاصل کرنے کے بعد ہی عام آدمی پارٹی نے اعلان کر دیا تھا کہ وہ ہماچل پردیش اور گجرات میں بھی اپنا دعویٰ پیش کریں گے۔ پارٹی کہہ چکی ہے کہ دونوں ریاستوں کی سبھی سیٹوں پر ان کے امیدوار اپنی دعویداری ٹھوکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔