’بی جے پی نے انتخابات میں دھاندلیاں کر کے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی‘

ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہ بات بہت ہی افسوس ناک ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسروں نے لوگوں کے منڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ذمہ داری خود سنبھالی ہوئی ہے۔

محبوبہ مفتی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
محبوبہ مفتی کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ڈی ڈی سی انتخابات میں دھاندلیاں کرکے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ڈی ڈی سی چیئرمین شپ نتائج پر کوئی حیرت نہیں ہے کیونکہ ڈی ڈی سی ممبران کو خریدنے اور دھمکانے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ انتظامیہ اورپولیس کے اعلیٰ افسروں نے یہاں کے لوگوں کے منڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ذمہ داری خود سنبھالی ہے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا۔


ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’یہ بات بہت ہی افسوس ناک ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسروں نے لوگوں کے منڈیٹ کی خلاف ورزی کرنے کی ذمہ داری خود سنبھالی ہوئی ہے۔ بی جے پی نے دفعہ 370 منسوخ کرکے انسانیت اور جمہوریت کا قتل کیا تھا اور اب ڈی ڈی سی انتخابات میں دھاندلیاں کرکے انہوں نے جمہوریت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے‘۔

دوسرے ٹوئٹ میں محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ’واجپائی جی کی انسانیت، کشمیریت اور جمہوریت کے نظریے کے لئے بہت کچھ کیا گیا۔ مجھے ڈی ڈی سی چیئرمین شپ نتائج پر قطعی حیرت نہیں ہے کیونکہ ڈی ڈی سی ممبروں کو خریدنے اور دھمکانے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔