سبریمالہ مندر پر عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف بی جے پی نے نکالا احتجاجی مارچ

سپریم کورٹ کے ذریعہ سبریمالہ مندر میں خواتین کو داخل ہونے کی آزادی دیے جانے کے بعد بی جے پی اور شیو سینا کے علاوہ مقامی تنظیموں نے اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیرالہ کے ترواننت پورم میں بی جے پی نے سپریم کورٹ کے سبریمالہ مندر سے متعلق سنائے گئے فیصلہ کے خلاف 15 اکتوبر کو احتجاجی مارچ نکالا۔ اس مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں بی جے پی کارکنان شامل ہوئے اور نہ صرف عدالتی فیصلے کے خلاف آواز بلند کی بلکہ یہ بھی ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ کیرالہ میں پارٹی کی گرفت مضبوط ہو رہی ہے اور انھیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: سبریمالہ مندر میں ’عورتوں کی انٹری‘ کے خلاف کھڑی ہوئیں عورتیں

سپریم کورٹ کے ذریعہ سبریمالہ مندر میں خواتین کو داخل ہونے کی آزادی دیے جانے کے بعد بی جے پی اور شیو سینا کے علاوہ کئی مقامی لوگوں نے ناراضگی ظاہر کی ہے اور آج نکالے گئے مارچ میں بی جے پی کی کیرالہ یونٹ نے ملک کی عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلہ پر دوبارہ غور کرے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو بھگوان ایپّا کے بھکتوں کی عقیدت کو دیکھنا چاہیے اور اس معاملے میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ صدیوں کی روایت کو سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے سے ختم کر دیا ہے جس سے بھکتوں میں مایوسی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سبریمالہ مندر تنازعہ... مردوں کی طرح خواتین کو بھی مندر جانے کا حق: سپریم کورٹ

قابل ذکر ہے کہ سبریمالہ مندر میں خواتین کو داخل ہونے کی اجازت دیے جانے کے بعد بھگوان ایپّا کے بھکتوں کا مظاہرہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے 14 اکتوبر کو بھی چنئی میں کثیر تعداد میں لوگوں نے عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اس سے قبل دہلی اور چنئی میں ایک ساتھ بھگوان ایپّا کی حمایت میں زوردار مظاہرہ ہوا تھا۔ اس معاملے میں ایپّا ٹرسٹ کو اب دیگر مذہبی اور سماجی تنظیموں کا بھی تعاون حاصل ہونے لگا ہے۔ آج بی جے پی نے ترواننت پورم میں احتجاجی مارچ نکال کر اس معاملے کو مزید طول دے دیا ہے۔ ساتھ ہی اب یہ مسئلہ قانونی سے زیادہ سیاسی بنتا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔