ملک کی سب سے امیر پارٹی بی جے پی مانگ رہی’چندہ‘، سوشل میڈیا پر بنا مذاق

بی جے پی اس وقت ملک کی سب سے امیر پارٹی ہے اور اے ڈی آر رپورٹ کے مطابق 17-2016 میں بی جے پی کی اعلان کردہ آمدنی 1034 کروڑ روپے تھی جس میں 533.27 کروڑ روپے چندہ سے ملے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے 23 اکتوبر کو لوگوں سے اپنی پارٹی بی جے پی کو چندہ دینے کی اپیل کی۔ وزیر اعظم نے اس تعلق سے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’آپ 5 روپے سے لے کر 1000 روپے تک نریندر مودی موبائل ایپ کے ذریعہ چندہ دے سکتے ہیں۔ آپ کی حمایت اور تعاون کارکنان کا حوصلہ بڑھائے گا۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ اپیل تو کر دی لیکن اس سے کچھ سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ ملک کی سب سے امیر پارٹی کو اس طرح چندہ مانگنے کی ضرورت آخر کیوں پڑی؟ اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق 17-2016 میں بی جے پی کے ذریعہ اعلان کردہ آمدنی 1034 کروڑ روپے تھی اور اسے 533.27 کروڑ روپے چندہ میں ملے تھے۔ اسی سال کانگریس کو صرف 41.90 کروڑ روپے چندہ کی شکل میں ملے۔

دوسری اور انتہائی اہم بات یہ ہے کہ ملک کے وزیر اعظم کے طور پر ایک خاص پارٹی کے لیے ان کا اس طرح عوامی طور پر چندہ مانگنا کہاں تک مناسب اور اخلاقی ہے۔ سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے ان کے اس قدم کی مذمت کی ہے۔ سینئر وکیل اندرا جے سنگھ نے ٹوئٹر پر سوال اٹھایا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم کا اپنی پارٹی کے لیے چندہ طلب کرنا کیا آئینی ہے؟ کیا پارٹی اور حکومت کے درمیان کا فرق اس سے نہیں مٹ رہا؟

سوشل میڈیا پر کئی لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس قدم کا مذاق بھی بنا رہے ہیں۔ اَتُل کھتری نامی ٹوئٹر ہینڈل سے لکھا گیا ہے کہ ’’بی جے پی کا چندہ مانگنا بالکل ویسا ہی ہے جیسے نیرو مودی کا قرض (لون) مانگنا۔‘‘ ودیا نامی ٹوئٹر ہینڈل نے تو پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی قیمت کا تذکرہ کرتے ہوئے یہاں تک لکھ دیا ہے کہ ’’برائے کرم ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کی طرف دھیان دیں جس کی وجہ سے دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اس وقت عام آدمی کا ہاتھ کسی بھی طرح کے خرچ میں بہت تنگ ہے اور حکومت چندہ دینے کے لیے کہہ رہی ہے جو کہ مضحکہ خیز ہے! آخر کس طرح پارٹی کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے جب کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کمزور ہو رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Oct 2018, 7:09 PM
/* */