دانش علی پر متنازعہ تبصرہ کرنے والے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے مانگی معافی

رمیش بدھوڑی نے لوک سبھا میں تقریر کے دوران بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا جس کے بعد سیاست گرما گئی تھی، لوک سبھا اسپیکر نے بعد میں بدھوڑی کے الفاظ حذف کر دیے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>رمیش بدھوڑی (بائیں) اور دانش علی (دائیں)</p></div>

رمیش بدھوڑی (بائیں) اور دانش علی (دائیں)

user

قومی آوازبیورو

بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی پر متنازعہ تبصرہ کرنے کے معاملے میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے معافی مانگ لی ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دانش علی کے خلاف ان کے تبصرہ پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے افسوس ظاہر کیا تھا اور اب بدھوڑی نے پارلیمانی کمیٹی سے کہا کہ انھیں بھی اپنے اس عمل پر افسوس ہے۔

قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا میں بولتے ہوئے رمیش بدھوڑی نے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا جس کے بعد سیاست گرما گئی تھی۔ لوک سبھا اسپیکر نے بعد میں رمیش بدھوڑی کے الفاظ کو ایوان کی کارروائی سے حذف کر دیا تھا۔ رمیش بدھوڑی کے تبصرہ پر لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈران نے خوب ہنگامہ بھی کیا تھا اور بدھوڑی کو ایوان سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔


قابل اعتراض تبصرہ کا معاملہ بعد میں پارلیمنٹ کی خصوصی استحقاق کمیٹی کے پاس چلا گیا تھا اور کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں دونوں ہی اراکین پارلیمنٹ نے اپنی اپنی باتیں رکھی تھیں۔ اس معاملے میں کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری، این سی پی لیڈر سپریا سولے سمیت کئی اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھ کر بدھوڑی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ دوسری طرف بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نشی کانت دوبے اور روی کشن نے لوک سبھا اسپیکر خط لکھ کر دعویٰ کیا تھا کہ دانش علی نے پہلے رمیش بدھوڑی کو اکسانے کے لیے قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔