بی جے پی کے رکن اسمبلی راہل نارویکر مہاراشٹر اسمبلی کے نئے اسپیکر منتخب

مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان اتوار کے روز اسمبلی میں رو روزہ خصوصی اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کے پہلے دن اسپیکر کے عہدے کے لئے انتخاب ہوا، جس میں ایکناتھ شندے دھڑے کے راہل نارویکر کامیاب رہے

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان اتوار کے روز اسمبلی میں رو روزہ خصوصی اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کے پہلے دن اسپیکر کے عہدے کے لئے انتخاب ہوا، جس میں ایکناتھ شندے دھڑے کے راہل نارویکر مہاراشٹر اسمبلی کے نئے اسپیکر منتخب ہوئے۔ نارویکر بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔ ارکان اسمبلی نے صوتی ووٹ دے کر نئے اسپیکر کا انتخاب کیا۔

خیال رہے کہ شندے دھڑے اور بی جے پی کی جانب سے راہل نارویکر کو اسپیکر عہدے کا امیدوار بنایا گیا تھا جبکہ ادھو ٹھاکرے اور ایم وی اے نے راجن سالوی کو امیدوار بنایا تھا۔ نارویکر نے مطلوبہ 144 ووٹ سے زیادہ حاصل کر لئے ہیں اور وہ اب تک 164 ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔


ادھر، اجلاس سے قبل اسمبلی میں واقعہ شیو سینا قانون ساز پارٹی کے دفتر کو بند کر دیا گیا۔ ادھو ٹھاکرے دھڑے اور ایکناتھ شندے دھڑے میں جاری اختلافات کے سبب اس دفتر کو بند کیا گیا ہے۔ تاہم یہ صاف نہیں ہو پایا ہے کہ یہ دفتر کس کے کہنے پر بند کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مہاوکاس اگھاڑی کی حلیف جماعت کانگریس نے سیاسی بحران کے درمیان اسپیکر عہدے کا انتخاب کرانے کے فیصلہ کو چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے گورنر کو ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت میں معاملہ زیر التوا ہونے کے سبب اسپیکر کا انتخاب ممکن نہیں ہے۔ تاہم اقتدار میں تبدیلی کے ساتھ ہی گورنر کا رخ تبدیل ہو گیا۔ لہذا ادھو خیمہ کی جانب سے ان پر لگاتار تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گورنر جانبداری سے کام کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Jul 2022, 12:09 PM
/* */