گوالیر کے بعد مرینا میں بھی بی جے پی میئر عہدہ سے محروم، لہرایا کانگریس کا پرچم

گوالیر، ریوا اور مرینا میں کانگریس کی جیت سے کارکنان میں اعتماد بڑھے گا، گوالیر-چنبل علاقہ کو بی جے پی کے قدآور لیڈر جیوترادتیہ سندھیا اور نریندر تومر کا قلعہ مانا جاتا ہے۔

کانگریس، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں میونسپل کارپوریشن انتخاب کے پہلے مرحلہ کی ووٹ شماری میں کانگریس سے گوالیر کا میئر عہدہ گنوانے کے بعد گوالیر-چنبل علاقہ میں برسراقتدار بی جے پی کو مزید ایک جھٹکا لگا ہے۔ بی جے پی نے دوسرے مرحلے میں مرینا میونسپل کارپوریشن میں میئر عہدہ گنوا دیا ہے، جو پارٹی کے قدآور لیڈر اور مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر کا آبائی علاقہ ہے۔

دوسری طرف کانگریس نے 25 سال بعد ریوا میونسپل کارپوریشن کے میئر عہدہ پر بھی بی جے پی کو بری طرح شکست دے دی ہے۔ ریوا کے میئر عہدہ پر کانگریس امیدوار اجئے مشرا (بابا) نے بی جے پی کے پربودھ ویاس کو شکست دے کر جیت حاصل کی۔ اسی طرح مرینا میں میئر عہدہ کے لیے کانگریس امیدوار شاردا سولنکی نے بی جے پی کی مینا جاٹو کو شکست دی۔


بدھ کو دوسرے مرحلہ کی ووٹ شماری میں اعلان کیے گئے پانچ میونسپل کارپوریشن ریزلٹ میں سے بی جے پی اور کانگریس دونوں کو دو دو میئر عہدے ملے ہیں۔ بی جے پی نے رتلام اور دیواس میونسپل کارپوریشنز میں میئر عہدوں کو برقرار رکھا، جب کہ ایک آزاد امیدوار نے کٹینیا میئر عہدہ پر جیت حاصل کی۔ اسی کے ساتھ مدھیہ پردیش کے 16 میونسپل کارپوریشنوں میں بی جے پی نے 9 (پہلے مرحلہ میں 7 اور دوسرے مرحلہ میں 2) میئر عہدوں پر قبضہ جمایا ہے۔ اپوزیشن کانگریس، جو گزشتہ انتخابات میں سبھی میئر عہدوں سے محروم ہو چکی تھی، پانچ میئر عہدہ (پہلے مرحلہ میں 3 اور دوسرے مرحلہ میں 2) جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کو ایک میئر عہدہ (سنگرولی) اور ایک آزاد امیدوار کو کٹنی میں جیت ملی ہے۔

مدھیہ پردیش میں 1999 میں میئر عہدوں کے لیے براہ راست انتخاب کی شروعات کے بعد سے یہ پہلی بار ہے جب کانگریس کے پاس 5 میئر ہوں گے۔ گوالیر کے میئر عہدہ پر کانگریس کی جیت اور اب ریوا اور مرینا میں جیت سے پارٹی کیڈر کا اعتماد بڑھے گا۔ گوالیر-چنبل علاقہ کو بی جے پی کے دو قدآور مرکزی وزراء جیوترادتیہ سندھیا اور نریندر سنگھ تومر کا آبائی علاقہ مانا جاتا ہے۔ ریوا میں مجموعی طور پر آتھ اسمبلی سیٹیں ہیں اور 2018 میں سبھی 8 سیٹوں پر بی جے پی نے جیت حاصل کی تھی۔ ریوا سے رکن پارلیمنٹ بھی بی جے پی سے ہی ہیں۔


میونسپل کارپوریشن انتخاب میں پارٹی کی کارکردگی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ اور مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کمل ناتھ نے کہا کہ مرینا میں کانگریس پارٹی نے پہلی بار زبردست جیت درج کی ہے۔ مرینا کے ساتھ ہی پورے گوالیر-چنبل پٹی کے لوگوں نے کہا ہے کہ وہ پوری طرح کانگریس پارٹی کے ساتھ ہیں۔ یہ جیت عوام کی جیت ہے اور 15 مہینے بعد مدھیہ پردیش میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔