راجستھان: بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کی شکست

گجرات میں 99 پر رک جانے کے بعد بی جے پی کے لئے راجستھان سے بری خبر آئی ہے جہاں اسے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں کانگریس کے ہاتھوں کراری شکست جھیلنی پڑی ہے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی کی زمین کھسکنے کا سلسلہ اب شروع ہو چکا ہے۔ گجرات اسمبلی انتخابات میں 100 کا ہدف بھی حاصل نہیں کر پائی، ہماچل پردیش میں وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار اور صوبائی صدر ہار گئے اور اب راجستھان کے بلدیاتی انتخاب میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

راجستھان میں ضمنی بلدیاتی انتخاب میں 45 سیٹوں میں سے محض 17 سیٹیں بی جے پی کے کھاتےمیں آ سکیں جبکہ کانگریس نے 27 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔

گجرات میں 2014 کے مقابلہ ووٹوں میں 11 فیصد کی کمی، ہماچل میں وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار اور صوبائی صدر کی ہار اور اتر پردیش کے بلدیاتی انتخات میں منہ کی کھانے کے بعد اب راجستھان میں بھی اس کے اشارے صاف ہیں کہ بی جے پی کی زمین اب کھسکنے لگی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کا جادو اب کام نہیں کر رہا ہے۔

راجستھان کے 26 اضلاع میں ہوئے ضمنی انتخات میں ضلع پریشد کی چاروں سیٹ کانگریس کے کھاتے میں چلی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پنچایت سمیتی کی کل 27 میں سے 16 سیٹیں کانگریس کے حصہ میں آئی ہیں جبکہ بی جے پی کو محض 10 سیٹوں پر ہی کامیابی حاصل ہوئی۔ علاوہ ازیں شہری علاقوں کے میونسپل وارڈوں کی 14 میں سے آدھی سیٹیں کانگریس نے جیت لیں۔

سب سے دلچسپ صورت حال راجستھان کے شہری علاقوں کی رہی جہاں روایتی طور پر بی جے پی کو مضبوط تصور کیا جاتا ہے۔ شہری علاقوں کی جن سیٹوں پر کانگریس نے جیت درج کی ہے ان میں سے 4 سیٹیں پہلے بی جے پی کے پاس تھیں۔ وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کے بیٹے اور رکن پرلیمنٹ دشینت سنگھ کے حلقہ انتخاب باراں سے دو سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بھی کانگریس کے امیدواروں نے جیت درج کی ہے۔

علاوہ ازیں پنچایت سیٹوں کے لئے ہوئے ضمنی انتخاب میں بھی کانگریس نے بی جے پی کو پیچھے کر دیا ہے۔ راجستھان پردیش کانگریس کے صدر سچن پائلٹ کا کہنا ہے کہ ’’ ضمنی انتخاب یہ ظاہر کرتا ہے کہ صوبے کی عوام موجودہ وسندھرا راجے حکومت سے ناراض ہےاور عوام بی جے پی کو ہرانا چاہتی ہے۔ بلدیاتی اور پنچایتوں کے ضمنی انتخاب سے یہ صاف ہو گیا ہے۔ ‘‘سچن پائلٹ نے ٹوئٹ کر کے بلدیاتی انتخابات کی مکمل فہرست جاری کی ہے۔

قبل ازیں پنچایتوں اور بلدیاتی چناؤ میں بی جے پی کے مقابلہ کانگریس آگے رہی تھی۔ ان نتائج کے بعد بی جے پی کے صوبائی صدر اشوک پرنامی نے غورو فکر کی بات کہی ہے۔ یہ ضمنی انتخابات کچھ منتخب نمائندگان کے استعفوں کے باعث عمل میں آئے ہیں۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Dec 2017, 12:21 PM