بی جے پی برطانوی حکومت کی طرح ذات اور مذہب کے نام پر لوگوں کو لڑا رہی: اکھلیش

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پی ایم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک کو ’پردھان منتری‘ چاہیے ’پرچار منتری‘ نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے آج اپنی ایک تقریر میں بی جے پی کا موازنہ برطانوی حکومت سے کیا۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح برطانوی حکومت ذات اور مذہب کے نام پر لوگوں کو لڑاتی تھی، آج وہی کام بی جے پی کر رہی ہے۔ بدھ کے روز ریاستی انٹر کالج میں اتحاد کی جانب سے ہردوئی کی لوک سبھا امیدوار اوشا ورما اور مشرخ امیدوار ڈاکٹر نیلو ستیارتھی کی حمایت میں منعقد جلسہ عام سے اکھلیش یادو نے خطاب کیا اور کہا کہ ’’بی جے پی کے لوگ صرف نفرت چاہتے ہیں۔ وہ ہمارے اور آپ کے درمیان نفرت کی دیوار بناتے ہیں۔ وہ کرسی کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔‘‘

اکھلیش یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وہ اقتدار کو حاصل کرنے کے لیے فوج کو سیاست میں گھسیٹ رہی ہے۔ ملک نازک حالت سے گزر رہا ہے اور بی جے پی سے لوگوں کا بھروسہ ختم ہو چکا ہے۔ پی ایم اور سی ایم جھاڑو ہاتھ میں لیے ہیں لیکن کوڑا ختم نہیں ہو رہا ہے۔ ایسا اس لیے ہو رہا کیونکہ کوڑا بی جے پی کے دماغ میں ہے۔‘‘ انھوں نے ایس پی-بی ایس پی اتحاد کے ذریعہ ملک کو نئی سمت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ اتحاد کی حکومت آنے پر پیرا ملٹری و ملٹری میں بھی اسی طرح بھرتی کرائی جائے گی جس طرح کہ سماجوادی پارٹی حکومت میں پولس کی بھرتی کرائی گئی تھی۔‘‘

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ ملک کو ’پردھان منتری‘ چاہیے ’پرچار منتری‘ نہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مودی صرف ایک فیصد لوگوں کے وزیر اعظم ہیں، بقیہ 99 فیصد لوگ ان کے ساتھ نہیں ہیں۔‘‘ اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا کہ ’’بوری سے 5 کلو کی کھاد چوری کر لی، اسپتال برباد کر دیئے گئے، پنشن بند کر دی گئی، ملازمت چھین لی گئی، روزگار کی چوری کر لی گئی، پی ایم نے کہا کہ جاؤ پکوڑا تلو، یہی روزگار ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔