ہندو ہو تو ہمیں ووٹ دو: بی جے پی امیدوار

راجستھان حکومت میں وزیر اور الور لوک سبھا ضمنی انتخاب کے امیدوار جسونت سنگھ یادو کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں ’’ ہندو ہو تو مجھے ووٹ دو اور مسلمان ہو تو کانگریس کے امیدوار کو۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راجستھان کے الوار لوک سبھا ضمنی انتخاب میں بی جے پی کے امیدوار ڈاکٹر جسونت یادو کا ایک متنازعہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔ ویڈیو میں جسونت یادو یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ جو ہندو ہیں وہ مجھے ووٹ دیں اور جو مسلمان ہیں وہ کانگریس کے امیدوار کرن سنگھ کو ووٹ دیں۔‘‘

ڈاکٹر جسونت سنگھ وسندھرا حکومت میں محنت اور روزگار کے وزیر ہیں۔ انہیں بی جے پی نے الور لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لئے امیدوار بنایا ہے۔ خبروں کے مطابق ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں جسونت یادو ڈھونڈاریا گاؤں پہنچے تھے، وہیں انہوں نے یہ متنازعہ بیان دیا۔ ویڈیو میں جسونت یادو کہہ رہے ہیں ’’ میں میوات کے گاؤں میں گیا تھا۔ میں نے کہا اگر آپ ہندو ہو تو مجھے ووٹ دینا مسلمان ہو تو ڈاکٹر کرن سنگھ کو ووٹ دینا۔‘‘

ویڈیو میں ڈاکٹر جسونت یادو کے سامنے ہی ان کے حامی چناوی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ مائک سے ان کے حامی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے دوران آپ جتنی بھی گاڑیاں لے کر آئیں گے سب کا کرایہ وہ ادا کریں گے، کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔

الور لوک سبھا ضمنی انتخاب میں بی جے پی کا امیدوار بنائے جانے کے بعد ڈاکٹر جسونت یادو نے بہروڑ کے نزدیک 12 گاؤں کا دورہ کیا۔ دریں اثنا دودھیڑا گاؤں میں جسونت یادو کی تقریب کو کور کرنے سے میڈیا کوروکا گیا اور تقریب کے دوران کیمرے بند کروا دیئے گئے۔ الزام ہے کہ یہ سب جسونت سنگھ کے اشارے پر کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔