توہین رسالت کے مرتکب بی جے پی لیڈران کو قرار واقعی سزا دی جائے: نیشنل کانفرنس

جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے بھاجپا سے وابستہ لیڈران کی طرف سے توہین رسالت اور خطہ چناب کے ڈوڈہ میں فرقہ پرستی کو ہوا دینے کے معاملات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے

سری نگر میں احتجاج / یو این آئی
سری نگر میں احتجاج / یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے بھاجپا سے وابستہ لیڈران کی طرف سے توہین رسالت اور خطہ چناب کے ڈوڈہ میں فرقہ پرستی کو ہوا دینے کے معاملات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے توہین رسالت میں ملوث بھاجپا کے معطل شدہ قومی ترجمان نوپر شرما اور انچارج میڈیا سیل نوین جنڈل کی فوری گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کوئی بھی پیغمبراسلامﷺ کی توہین کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔

نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری شیخ مصطفی کمال نے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت توہین رسالت میں ملوث شرپسندوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کے بجائے ان کی سیکورٹی میں اضافہ کررہی ہے۔ مرکزی حکمران توہین رسالت کے دونوں مرتکبین کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرکے مسلمانوں کے جذبات کو زبردست ٹھیس پہنچا رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ مذکورہ بھاجپا لیڈران کیخلاف نہ صرف سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے بلکہ اس کے اقدام کے پیچھے کے مقاصد اور اصل محرکات کا بھی پتہ لگایا جانا چاہئے تاکہ ایسے کسی بھی منصوبہ کو پہلے ہی ناکام بنایا جاسکے جس کا مقصد مذہبی منافرت پھیلانا اور فرقہ وارایت کو ہوا دینا ہو۔

انہوں نے کہا کہ کچھ فرقہ پرست عناصر جموں وکشمیرمیں فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں جن کیخلاف بغیر دیر کئے کارروائی کی جانی چاہئے۔ ایسے فرقہ پرست عناصر جموں وکشمیر میں روایتی ہم آہنگی اور بھائی چارہے کو ختم کرنے پر تُلے ہوئے ہیں اور عوام کو ان کے مذموم منصوبوں کو سمجھ کر آپسی بھائی چارہے کو بنائے رکھنا چاہئے۔

ڈاکٹر کمال نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن اور بھائی چارے کو برقرار رکھیں۔دریں اثناءپارٹی کی تمام اکائیوں نے بھاجپا لیڈران کی طرف سے پیغمبر اسلام کی شان میں توہین آمیز تبصروں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ملوثین کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔