رہنما نے رقاصاؤں پر لُٹائے نوٹ، منع کرنے پر پستول دکھا کر دی گولی مارنے کی دھمکی
وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم لیڈر کمیٹی ارکان کو دھمکیاں دے رہا ہے اور’’چٹ سے گولی مار دوں گا،کوئی بچا نہیں پائے گا‘‘ کہتے ہوئے چلاؑ رہا ہے۔

’سئیاں بھئے کوتوال تو ڈر کاہے کا‘‘ والی کہاوت پر عمل کرتے ہوئے بی جے وائی ایم رہنما نے رام لیلا پروگرام کے اسٹیج پر رقاصاؤں پر خوب نوٹ لُٹائے ۔اتنا ہی نہیں منتظمین کے منع کرنے پر انہوں نے پستول تان دی اور جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے کیمرے میں قید ہوگئے۔ معاملہ اترپردیش کی اقتصادی راجدھانی کانپور کا ہے جہاں بی جے پی کے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے ایک رہنما کی طرف سے بھرے مجمع میں غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا۔ یہاں چل رہی رقاصاؤں پر روپئے لٹانے اور مخالفت کرنے پر پستول دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے الزام میں پولیس نے امیتیش شکلا کو گرفتار کیا ہے۔ اس پورے واقعے کی 52 سیکنڈ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔
کانپور کے سچنڈی تھانہ علاقے کے بھونتی گاؤں میں رام لیلا کا پروگرام چل رہا تھا۔ اس میں بی جے پی یووا مورچہ سے وابستہ امیتیش شکلا پہنچے تھے۔ خبروں مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ویڈیو کے مطابق اسٹیج پر پروگرام کے دوران امیتیش شکلا نے اداکاروں اور ڈانس کررہی رقاصاؤں پر کھلے عام روپئے لٹانا شروع کردیئے۔
جب رام لیلا کمیٹی کے ارکان اور منتظمین نے امیتیش شکلا کے رویے لٹانے پر اعتراض کیا تو وہ مشتعل ہوگئے۔ بات بڑھنے پر بی جے پی وائی ایم رہنما نے اپنی کمر سے پستول نکال کر کمیٹی کے ایک رکن کے پیٹ پر لگا دی۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم لیڈر کمیٹی ارکان کو دھمکیاں دے رہا ہے اور’’چٹ سے گولی مار دوں گا،کوئی بچا نہیں پائے گا‘‘ کہتے ہوئے چلاؑ رہا ہے۔
اس واردات سے رام لیلا دیکھنے آئے لوگوں میں افرا تفری مچ گئی اور وہاں موجود لوگ دہشت میں آگئے ۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی پولیس انتظامیہ حرکت میں آگئی۔ پولیس نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ خبروں کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کر امیتیش شکلا کو پستول سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔