نئے سال کی تقریب میں خاتون کو گولی مارنے کا ملزم بی جے پی لیڈر گرفتار

راجو سنگھ کو اتر پردیش کے کُشی نگر سے گرفتار کیا گیا اور پھر 7 دن کے لیے پولس کسٹڈی میں بھیج دیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جام پستول کو زمین پر پٹکنے کے سبب گولی چل گئی جو اَرچنا کے سر میں جا کر لگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی لیڈر اور جنتا دل یو کے سابق رکن اسمبلی راجو سنگھ کو اترپردیش کے کشی نگر سے پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ان کی گرفتاری نئے سال کی تقریب میں ایک خاتون کو گولی مارنے کے الزام میں ہوئی ہے۔ گرفتاری کے بعد راجو سنگھ کو 7 دن کی پولس کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے جہاں واقعہ کے تعلق سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔ واقعہ کے بعد سے ہی راجو سنگھ اور ان کا ڈرائیور ہر سنگھ فرار تھا لیکن آج پولس نے بی جے پی لیڈر کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔ پوچھ تاچھ کے دوران راجو سنگھ نے بتایا کہ اس کی پستول جام ہو گئی تھی اور اس کو زمین پر پٹکنے سے یہ حادثہ ہو گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ زمین پر پستول پٹکنے سے گولی چل گئی جو کہ ارچنا نامی خاتون کو لگ گئی۔

اس درمیان پولس نے راجو سنگھ کی بیوی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ اس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے قتل کے ثبوت کو مٹانے کی کوشش کی تاکہ پولس سچائی کا پتہ نہ لگا سکے۔ راجو کی بیوی سے بھی پولس نے حادثہ کے بارے میں پوچھ تاچھ کی اور ثبوت کو مٹائے جانے کے بارے میں تفصیل طلب کی۔

یہاں یہ بات بھی قابل غور ہے کہ ارچنا نامی خاتون جس کے سر میں گولی لگی تھی، علاج کے دوران آج (جمعرات) ہی اس کا انتقال بھی ہوا۔ دراصل گولی لگنے کے بعد زخمی خاتون کو فوراً ہی علاج کے لیے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن وہ زندگی اور موت کی جنگ ہار گئی۔ مہلوک خاتون کے شوہر وکاس گپتا کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ راجو سنگھ نئے سال کے جشن میں گولی چلا رہے تھے جو ان کی بیوی کو آ کر لگی۔ وکاس گپتا کی راجو سنگھ سے دوستی ہے، لیکن بیوی کو گولی لگنے کے بعد انھوں نے پولس میں شکایت درج کرائی جس میں قتل کی کوشش اور ثبوت مٹانے کے دفعات قائم کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا گیا۔

واضح رہے کہ راجو سنگھ کے فارم ہاؤس پر ہوئے نئے سال کے اس جشن کے دوران ہوئے واقعہ پر کافی ہنگامہ برپا ہو گیا تھا اور پولس نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا تو وہاں سے دو رائفل، ایک پستول اور 800 زندہ کارتوس ضبط کیے۔ رائفل اور پستول کا لائسنس پولس کو اب تک نہیں مل سکا ہے۔ راجو سنگھ کے خلاف 2015 کے انتخاب کے وقت 5 مجرمانہ معاملے بھی درج ہوئے تھے جس میں دھمکی دینے، مار پیٹ کرنے، جان سے مارنے کی کوشش اور آرمس ایکٹ سے منسلک کئی سنگین دفعات میں ان کے خلاف معاملے درج ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔