لوک سبھا انتخابات کے چار مرحلوں میں بی جے پی چاروں خانے چت ہو گئی: اکھلیش یادو

سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو باندہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ووٹنگ کے چار مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جن میں بی جے پی چاروں خانے چت ہو گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو / آئی اے این ایس</p></div>

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

باندہ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو باندہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ووٹنگ کے چار مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جن میں بی جے پی چاروں خانے چت ہو گئی ہے۔ آپ نے دیکھا ہی ہوگا کہ اب تو آنسوؤں کا دریا بہنے لگا ہے، اس بار آنسوؤں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے!‘‘

اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کورونا کے دور میں جو ویکسین لگائی تھی وہ آج لوگوں کی جان لے رہی ہے۔ کمپنی کہہ رہی ہے کہ ہم ویکسین واپس لے لیں گے۔ جو ویکسین جسم میں چلی گئی ہے اسے واپس کیسے لیا جا سکتا ہے؟‘‘


ایس پی سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’’پیپرز لیک خود بخود نہیں ہوئے بلکہ حکومت کے پیپرز لیک کرائے ہیں، کیونکہ حکومت جانتی ہے کہ نوجوانوں کو نوکری نہیں دینی چاہیے، اگر انہیں سرکاری نوکری دی جائے گی تو ریزرویشن دینا پڑے گا، پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت) خاندانوں کو نوجوانوں کو ان کا حق دینا ہوگا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ آج نوجوانوں کے لیے کوئی نوکری نہیں ہے اور جب بھی نوکری کا امتحان ہوتا ہے تو پرچہ لیک ہو جاتا ہے۔ اس حکومت میں 10 سے زیادہ امتحانات منسوخ کیے گئے۔ بی جے پی نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا، کیا کسی کسان کی آمدنی بڑھی؟ انہوں نے صرف مہنگائی میں اضافہ کیا اور کھاد کے تھیلے سے 10 کلو گرام چرایا۔ بڑے بڑے صنعت کار بینکوں سے پیسہ لے کر بھاگ گئے، اسی طرح نینو یوریا بنانے والے بھی بھاگ گئے۔


انہوں نے کہا کہ ’’اس بار جو ملک کا الیکشن ہونے جا رہے ہے، یہ ہمارے مستقبل کا الیکشن ہے۔ ایک طرف وہ لوگ ہیں جو آئین کو بچانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف وہ لوگ ہیں جو آئین کو بدلنا چاہتے ہیں۔ بندیل کھنڈ کے لوگوں نے اپنا ذہن بنا لیا ہے اور اس بار بندیل کھنڈ سے ایسا پیغام جانے والا ہے کہ عوام بی جے پی کو ایک سیٹ بھی جیتنے نہیں دیں گے۔ بندیل کھنڈ کے لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی کے غرور کو خاک میں ملا دیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔