بی جے پی کی ’ڈبل انجن‘ حکومت جھوٹی تشہیر کے ذریعہ اپنی مدت پوری کر رہی ہے: اکھلیش یادو

اکھلیش یادو نے حکمراں جماعت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ’ڈبل انجن‘ حکومت جھوٹی تشہیر کے ذریعہ اپنی میعاد کار پورا کر رہی ہیں

اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو ین آئی
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے اعداد شمار کے مطابق پولیس حراست میں ہوئی اموات میں اتر پردیش کے سرفہرست ہونے پر حکمراں جماعت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت جھوٹی تشہیر کے ذریعہ اپنی میعاد کار پورا کر رہی ہیں۔

ایس پی سربراہ نے جمعہ کو جاری بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت کی نقلی ترقی کی پرتیں کھلتی جا رہی ہیں۔ خود سرکاری اعداد ہی بی جے پی حکومت کی منفی حصولیابیاں اور جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول رہی ہے۔ جہاں پولیس حراست میں اموات کے معاملے میں اترپردیش اول ہے وہیں مرکزی حکومت کے روزگار سے متعلق جھوٹ کی اصلیت بھی سامنے آ گئی ہے کہ کس طرح بی جے پی لوگوں کوگمراہ کرنے کی سازش رچتی ہے۔


پولیس حراست میں ہونےو الی اموات کے سلسلے میں یوپی کے نمبر ون ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پولیس حراست میں موت ہونا حقیقتا قتل کے برابر ہوتا ہے۔ اس معاملے میں اترپردیش کا نمبر ون ہونا ریاست کی بی جے پی حکومت پر ایک بدنما داغ سے کم نہیں ہے۔ یوپی میں سال 2020 سے 2021 تک پولیس حراست میں 451اموات ہوئی ہیں۔ وہیں سال 2021 سے 2022 میں یہ ہندسہ بڑھ کر 501 ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے گذشتہ آٹھ سالہ میعاد کار میں بڑی تعداد میں نوجوان بے روزگار کی مار جھیل رہے ہیں۔ سال 2014 کے بعد سے 22کروڑ لوگوں نے مرکزی حکومت میں نوکری کے لئے درخواست دی ہے۔ لیکن صرف 7لاکھ 22ہزار 311 نوجوانوں کو ہی نوکری ملی ہے۔ بی جے پی نے جو 2 کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا وہ وعدہ ہی رہ گیا۔یوپی میں بی جے پی حکومت نوجوانوں کو نوکری دینے میں فسڈی ثابت ہوئی ہے۔


سابق وزیر اعلی نے بی جے پی کی ڈبل انجن حکومتوں پر جھوٹے اشتہارات کے ذریعہ ہی اپنا میعاد کار پورا کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ریاست میں جنگل راج کا دور دورہ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کی مار سے عام آدمی پریشان ہے۔ بی جے پی عوام اشتعال سے بچنے کے لئے وقتی جذباتی مسائل کو اچھال کر اپنا بچاؤ کررہی ہے۔ اس کی منشی سچ کو چھپانے اور جھوٹ فریب کو بڑھاو ا دینے کی ہے۔

ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت مرکزی کی ہو یا یوپی کی دونوں ترقی کے سبھی محاذ پر ناکام ہیں۔بی جےپی اقتدار میں ہر شعبے میں آئی گراوٹ سے ملک، ریاست روز بروز پچھڑتے جارہے ہیں۔ معیشت ڈوب رہی ہے۔ روپئے کی قیمت کم ہوتی جارہی ہے اور ملک کی دولت لوٹ کر لوگ بیرون ملک فرار ہورہے ہیں۔ بی جےپی اقتدار کی یہی حصولیابیاں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔