اقتدار کے نشے میں ڈوبی مودی حکومت غیر جمہوری کاموں پر آمادہ: اکھلیش

اکھلیش یادو نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں بی جے پی حکومت پوری طرح سے ناکام رہی، طلبہ و نوجوانوں کا استحصال عروج پر ہے، تاجر خائف ہیں اور خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے سنیچر کو کہا کہ اقتدار کے نشے میں ڈوبی بی جے پی غیر جمہوری کام کرنے پرآمادہ ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں ڈوبی بی جے پی خوف اور لبھاونے وعدے کی بنیاد پر کئی طرح کی سازشیں کر رہی ہے۔ جھوٹ، فریب اور سازش کے ہتھکنڈے اپنا کر وہ اب کچھ حاصل نہیں کر سکے گی، کیونکہ عوام نے اسے اقتدار سے بے دخل کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور اترپردیش کی بی جے پی حکومت کے عوام مخالف پالیسیوں سے عوام میں سخت ناراضگی ہے۔ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے میں بی جے پی حکومت پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔ طلبا و نوجوانوں کا استحصال اپنے عروج پر ہے، تاجر خائف ہیں۔ خواتین کے ساتھ جرائم کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ عوام کے سامنے سچ آشکار ہوچکا ہے۔ اچھے لوگوں کے نام پر دھوکہ دینے والی بی جے پی کی شکست اب یقینی ہے۔ بی جے پی کی پالیسی اور نیت دونوں میں کھوٹ ہے۔ بی جے پی نے جو وعدے کیے تھے وہ سبھی جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔ نوکریاں ملنے کی جگہ بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ لوگوں کو ان پر کوئی بھروسہ نہیں رہ گیا ہے۔

اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے سیاسی اقدار کو تارتار کردیا ہے۔ جمہوری اقدار و اصول پر اس کو قطعی یقین نہیں ہے۔ ایس پی سبھی کے احترام کی حامی ہے جبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس ملک میں اجارہ داری کو فروغ دے رہی ہیں۔ ان کا عوامی مفاد اور عوامی راج سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔