تلنگانہ انتخابات کے لیے بی جے پی نے کی پہلی فہرست جاری، توہین رسالت کے ملزم راجہ سنگھ کو بنایا امیدوار

بی جے پی نے اپنے تلنگانہ کے ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کی معطلی کو منسوخ کر دیا، جنہیں گزشتہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں پیغمبر اسلام کے خلاف ان کے مبینہ تبصروں کی وجہ سے معطل کر دیا تھا

ٹی راجہ سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
ٹی راجہ سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

حیدر آباد: بی جے پی نے اتوار (22 اکتوبر) کو تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی۔ ریاست میں 119 اسمبلی سیٹیں ہیں، جبکہ پارٹی نے پہلی فہرست میں 52 سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ پہلی فہرست میں بی جے پی نے ٹی راجہ سنگھ کا نام بھی شامل کیا ہے جو توہین رسالت کے مرتکب ہیں اور اس کی وجہ سے پارٹی سے معطل بھی کر دئے گئے تھے۔ بی جے پی نے راجہ سنگھ کو امیدوار بنانے کے لیے ان کی معطلی بھی ختم کر دی۔

پہلی فہرست کے مطابق تلنگانہ بی جے پی کے صدر اور بنڈی سنجے کمار کو کریم نگر سیٹ سے پارٹی کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پارٹی نے کورٹلہ سیٹ سے ایم پی دھرم پوری اروند کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ سویام باپو راؤ کو بوتھ سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ یہ شیڈول کاسٹ کے لیے مخصوص نشست رہی ہے۔


پہلی فہرست میں، بی جے پی نے 8 شیڈول کاسٹ (ایس سی) امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتارا ہے جبکہ 6 شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) امیدواروں کو بھی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پارٹی کے ایک اور بڑے لیڈر ایٹالہ راجندر حضور آباد سے الیکشن لڑیں گے۔ اس بار اسمبلی انتخابات میں خواتین امیدواروں کو ترجیح دیتے ہوئے 55 میں سے 12 خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ امراجولا سری دیوی کو بیل پلی سے ٹکٹ دیا گیا ہے، جب کہ ٹی ارون تارا جوکل اسمبلی سے امیدوار بنے ہیں۔

قبل ازیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو اپنے تلنگانہ کے ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ کی معطلی کو منسوخ کر دیا، جنہیں پارٹی نے گزشتہ سال اگست میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں پیغمبر اسلام کے خلاف ان کے مبینہ تبصروں کی وجہ سے معطل کر دیا تھا۔


راجہ سنگھ کو ریاست کی گوشہ محل سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے، جہاں سے وہ پہلے بھی ایم ایل اے ہیں۔ سنگھ کو گزشتہ سال اگست میں پارٹی سے معطل کیا گیا تھا۔ بی جے پی کی سنٹرل ڈسپلنری کمیٹی نے ایک خط جاری کیا ہے جس میں ٹی راجہ سنگھ کی معطلی ختم کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔

2018 میں بی جے پی نے تلنگانہ میں 119 میں سے 118 سیٹوں پر مقابلہ کیا تھا، جن میں سے صرف ٹی راجہ سنگھ گوشہ محل سیٹ سے جیت پائے تھے۔ تلنگانہ میں 30 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔