بی جے پی نے مدھیہ پردیش کو بدعنوانی کا ماڈل بنا دیا ہے: ملکارجن کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’بی جے پی نے مدھیہ پردیش کو بدعنوانی کا ماڈل بنا دیا ہے اور مودی جی ہر بار کی طرح بس خاموشی اختیار کیے بیٹھے رہتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / ویڈیو گریب</p></div>
i

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے مدھیہ پردیش کی بی جے پی حکومت کو بدعنوانی کا ماڈل قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ ملکارجن کھڑگے لکھتے ہیں کہ ’’مدھیہ پردیش آج بی جے پی حکومت کی بدعنوانی و لوٹ کا مرکز اور بدعنوانی کا مترادف بن چکا ہے۔ ایک گھوٹالہ ختم نہیں ہوتا کہ دوسرا سامنے آ جاتا ہے۔‘‘

کانگریس صدر اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’اب ایتھنول کے نام پر 1200 کروڑ روپے کا چاول گھوٹالہ سامنے آیا ہے۔ جس چاول کو غذائی قلت کے شکار بچوں، حاملہ خواتین اور نوعمر لڑکیوں کی غذائیت کے لیے استعمال ہونا تھا، اسی چاول کو منافع کے کھیل میں گھمایا گیا۔ 5 لاکھ میٹرک ٹن چاول، رائس ملرز، ایتھنول مافیا اور بی جے پی حکومت کی سرپرستی میں بدعنوانی کے اس کھیل کا حصہ بنا دیا گیا۔ بی جے پی اور سرکاری مشینری کی ملی بھگت سے عوام کے حق کے اناج پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔‘‘


ملکارجن اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’اس سے قبل زمینوں کے معاملے میں بڑا گھوٹالہ سامنے آیا۔ اجین میں انہی علاقوں میں زمینوں کی توسیع ہوئی، جہاں سرکاری انفراسٹرکچر پروجیکٹ اور ہائی وے کوریڈور مجوزہ تھے۔ اس میں خود وزیر اعلیٰ پر ہی سوالیہ نشان کھڑے ہوئے۔ ہر طرف، ہر محکمے میں لوٹ مار اور اپنی جیبیں بھرنے کا کھیل، یہی بی جے پی کے اقتدار کی لوٹ مار کی کہانی ہے۔‘‘

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کے مطابق ’ویاپم‘ سے شروع ہونے والی یہ لوٹ مار، بے شمار پیپر لیک اور بدعنوانی کے ان گنت معاملات کے باوجود آج بھی نہیں تھمی ہے۔ بی جے پی نے مدھیہ پردیش کو بدعنوانی کا ماڈل بنا دیا ہے اور مودی جی ہر بار کی طرح بس خاموشی اختیار کیے بیٹھے رہتے ہیں۔ عوامی زندگی میں جوابدہی کے تصور کو مودی-شاہ نے اقتدار کے غرور تلے روند دیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔