اکھلیش نے بی جے پی پر لگایا طبی سہولیات کو برباد کرنے کا الزام
مریض پرائیویٹ اسپتالوں میں جانے پر مجبور ہیں جہاں انہیں علاج کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ بی جے پی حکومت ایک سازش کے تحت سرکاری خدمات کو خراب کر رہی ہے۔

سماج وادی پارٹی(ایس پی) کےسربراہ اکھلیش یادو نے بی جےپی حکومت پر ریاست کی طبی سہولیات کو برباد کرنے کا الزام دوہرایا ہے۔یادو نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ اسپتالوں میں لاپرواہی کی وجہ کئی جگہ مریضوں کی اموات ہوچکی ہیں۔ مریضوں کو صحیح سے علاج نہیں مل پارہا ہے۔ میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں میعار کے مطابق پروفیسر، ڈاکٹر، تکنیکی اسٹاف اور بنیادی ڈھانچہ نہیں ہے۔ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس طلبہ کی پڑھائی کے لئے سہولیات اور وسائل نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیکل کالجوں اور بڑے اداروں کو ان کی ضروریات کے مطابق بجٹ نہیں دیتی۔ غریب اور عام لوگوں کو علاج کے لیے ادھر ادھر بھٹکنا پڑتا ہے۔ ریاست میں محکمہ صحت کے انچارج وزیر محکمہ کو سنبھالنے کے بجائے معاشرے میں لڑائی جھگڑوں کو ہوا دینے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔اسپتالوں میں دلالوں کا قبضہ ہے۔ اشیا کی خریداری میں کرپشن اور کمیشن ہے۔ جس کے نتیجے میں بعض مقامات پر آگ لگنے کے واقعات اور دیگر مقامات پر اس قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔
یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے محکمہ صحت کی حالت ایسی کر دی ہے کہ میڈیکل کالج اور اسپتال خود بیمار نظر آتے ہیں۔ راجدھانی لکھنؤ میں بی جے پی حکومت کی ناک کے نیچے بڑے اداروں میں لاپرواہی عروج پر ہے۔ لوہیا انسٹی ٹیوٹ سے بائیوپسی کے 12 نمونے غائب ہو گئے۔ کے جی ایم یو ٹراما سینٹر کے سیٹلائٹ بلڈ اسٹوریج یونٹ سے خون غائب ہوگیا۔
لوہیا انسٹی ٹیوٹ میں مریضوں کو ڈیڑھ سال بعد اینڈو سکوپی کی تاریخیں مل رہی ہیں۔ وزیر صحت کے پاس بیان بازی اور خالی دعووں کے علاوہ کچھ کرنے کا وقت نہیں ہے، وہ زمینی حقیقت کو کیسے سمجھیں گے۔انہوں نے کہا کہ صورتحال ایسی ہے کہ مریض سرکاری اسپتالوں میں جانے سے ڈرتے ہیں۔وہ پرائیویٹ اسپتالوں میں جانے پر مجبور ہیں جہاں انہیں علاج کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔ بی جے پی حکومت ایک سازش کے تحت سرکاری خدمات کو خراب کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔