سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے بی جے پی حکومت زراعت مخالف قوانین کو رد نہیں کر رہی: کماری شیلجا

ہریانہ کانگریس صدر کماری شیلجا نے کہا ہے کہ ریاست کی بی جے پی-جے جے پی مخلوط حکومت ہرمحاذ پر ناکام ہونے سے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: ہریانہ کانگریس صدر کماری شیلجا نے کہا ہے کہ ریاست کی بی جے پی-جے جے پی مخلوط حکومت ہرمحاذ پر ناکام ہونے سے عوام کا اعتماد کھو چکی ہے۔ اسی لئے اس کے وزراء کو عوام کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وزراء کی لوگوں کے سامنے جانے کی ہمت نہیں ہو رہی ہے۔ یوم جمہوریہ پورا ملک پورے جوش و خروش کے ساتھ مناتا ہے۔ کسان ٹریکٹر مارچ نکال کر یوم جمہوریہ منانا چاہتے ہیں، یہ کسانوں کا حق ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اس میں پورا تعاون کرے گی۔

کماری شیلجا ہفتہ کو نیتاجی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش کے موقع پر حصار کے کیمپ چوک پر واقع ان کے مجسمہ پر پھول چڑھانے پہنچی تھیں۔ اس کے بعد کماری شیلجا حصار کے راماین ٹول پلازہ اور چرخی دادری کے کتنالا ٹول پلازہ پر زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے کسانوں کو اپنی حمایت دینے پہنچیں۔


کماری شیلجا نے کہا کہ آزادی کے وقت بیرونی حکومتوں سے جنگ کی گئی تھی اور آج کے دن کسان ایک نئی تحریک چھیڑے ہوئے ہیں۔ اس تحریک کا آغاز بی جے پی حکومت نے کرایا ہے۔ اپنے حقوق کے لئے اس شدید ٹھنڈ میں ہمارے کسان اور مزدور سڑکوں پر بیٹھنے کے لئے مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ چنندہ سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کے سبب بی جے پی حکومت زراعت مخالف سیاہ قوانین کو رد نہیں کرنا چاہتی ہے۔ سرمایہ کاروں کے مفاد کے آگے بی جے پی حکومت کو کچھ بھی نظر نہیں آ رہا ہے۔ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ آج ملک کے کسانوں کو سڑکوں پر اتر کر اپنے مفادات کی لڑائی لڑنی پڑ رہی ہے۔ کماری شیلجا نے کہا کہ کسانوں کی اس جدوجہد میں کانگریس پارٹی مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔