ملک میں اب بی جے پی کی حکومتیں جا رہی ہیں: اشوک گہلوت

اشوک گہلوت نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون پر ملک میں آگ لگی ہوئی ہے، ملک کے عوام بی جے پی کی اصلیت جان چکے ہیں اور اب ملک میں اس کا صفایا ہونے لگا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سیکر: راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت نے وزیراعظم نریندرمودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر لوگوں کوگمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کےعوام اب بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جےپی) کی اصلیت سمجھ چکے ہیں اور ایک کے بعد ایک اس کی حکومتیں جا رہی ہیں۔

اشوک گہلوت آج سیکر ضلع کے پلسانا میں کانگریس لیڈر نارائن سنگھ سے متعلق ایک تقریب میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ نرینر مودی اور امت شاہ ملک کو گمراہ کر رہے ہیں جبکہ ملک کا کسان تکلیف میں ہے۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے، نوجوانوں کو ملازمت دینے، کالادھن واپس لانے سمیت کئی وعدے کیے لیکن آج کسان خودکشی کر رہے ہیں، لوگوں کو ملازمتیں جا رہی ہیں، کاروبار ٹھپ پڑے ہیں، کالادھن واپس لانے کا نام ہی نہیں لیا جا رہا ہے۔ ملک میں ایسے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔


انھوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون پر ملک میں آگ لگی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے عوام بی جے پی کی اصلیت جان چکے ہیں اور اب ملک میں اس کا صفایا ہونے لگا ہے۔ انھوں نے کہا کہ راجستھان، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر سمیت کئی جگہ کانگریس کی حکومتیں بنیں اور اب جھارکھنڈ میں 29 تاریخ کو کانگریس اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے جبکہ بی جے پی کی ایک کے بعد ایک سرکاریں جارہی ہیں۔

وزیراعلی اشوک گہلوت نے کہا کہ راجستھان میں ان کی حکومت حساس، شفاف اور جوابدہ ہے اور ہر طبقہ کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے اور عوام کی امیدوں پر کھری اتریں گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت لوگوں کو پوری بجلی دے رہی ہے اور پانچ سال تک بجلی کی شرح میں اضافہ نہ کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ کسانوں پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑنے دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔