بدعنوانی کے ذریعہ پیسہ کمانے کے لئے بی جے پی حکومت بڑے بڑے منصوبے بناتی ہے: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو کے مطابق میڈیکل کالجوں میں معیار کے مطابق سہولیات نہیں ہیں۔ سرکاری محکموں کا پرائیویٹائزیشن کیا جا رہا ہے۔ جب تک بی جے پی اقتدار میں رہے گی تب تک ریاست کی حالت خراب ہوتی رہے گی۔

اکھلیش یادو / آئی اے این ایس
لکھنؤ: سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو کہا کہ بی جے پی حکومت بدعنوانی کے ذریعہ پیسہ کمانے کے لئے بڑی بڑی اسکیمات بناتی ہے، اور اپنے لوگوں سے لوٹ کراتی ہے۔ جل جیون مشن اس کی واضح مثال ہے۔ پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر لکھنؤ میں مختلف اضلاع سے آئے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت کی ہر اسکیم اور کام میں بدعنوانی اور لوٹ ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری سے عوام پریشان ہیں۔ بی جے پی کی غلط پالیسیوں سے غریب اور غریب ہوتا جا رہا ہے۔ تعلیم اور صحت کا نظام برباد ہو چکا ہے۔ سرکاری اسکول بند کئے جا رہے ہیں۔ طالب علم اور سرپرست بے بس ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں دوا علاج نہیں مل پاتا ہے۔ اس حکومت نے اسپتالوں کی حالت خراب کر دی ہے۔‘‘
اکھلیش یادو کے مطابق میڈیکل کالجوں میں معیار کے مطابق سہولیات نہیں ہیں۔ سرکاری محکموں کا پرائیویٹائزیشن کیا جا رہا ہے۔ جب تک بی جے پی اقتدار میں رہے گی تب تک ریاست کی حالت خراب ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زمین مافیا بن گئی ہے۔ بی جے پی کے لوگ سرکاری اور غریبوں کی زمین پر قبضہ کر رہے ہیں۔ تالاب، پارک اور دیگر سرکاری زمینوں پر بی جے پی غیر قانونی قبضہ کر رہی ہے۔ زمینوں پر قبضہ کرنا ہی بی جے پی کا ایجنڈا ہے۔ بی جے پی حکومت نے اپنے لوگوں کو فائدہ دلانے کے لئے ریاست کے لاکھوں غریب پریواروں کو اجاڑ دیا۔ انہیں ان سے حاصل کی گئی زمینوں اور دکانوں کا مناسب معاوضہ بھی نہیں دیا گیا۔
اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آر ایس ایس اترپردیش میں ناگپور جیسا سنٹر بنا رہی ہے۔ بی جے پی سماج میں جھوٹ اور نفرت پھیلاتی ہے۔ جھوٹ پھیلا کر مخالفین کو بدنام کرتی ہے۔ نفرت پھیلا کر سماج میں دوریاں بڑھاتی ہے۔ بی جے پی کا سچ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بی جے پی کے قول و فعل میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ بی جے پی آئینی اداروں کو کمزور کر رہی ہے۔ بی ج پی جمہوریت اور آئین مخالف ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔