’بی جے پی حکومت نے یوپی کے کانپور میں واٹر فال کا انتظام کر دیا‘، سڑک دھنسنے کی ویڈیو شیئر کر کانگریس کا طنز

کانگریس نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’سڑک کے بیچوں بیچ واٹر فال کو جاپان کی ٹیکنالوجی سے بنایا گیا ہے۔ آپ کو بی جے پی حکومت کا یہ شاندار کام کیسا لگا؟‘‘

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i

یوپی کے کانپور میں شدید بارش کے سبب سریا چوراہے کے پاس جاجمؤ سے وی آئی پی سرکٹ ہاؤس جانے والی سڑک اچانک دھنس گئی اور کچھ ہی لمحہ میں یہاں تقریباً 3 میٹر چوڑا اور 18 فیٹ گہرا گڈھا بن گیا۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس کی ویڈیو شیئر کر بی جے پی حکومت پر طنزیہ تبصرہ کیا ہے۔ کانگریس نے لکھا کہ ’’بی جے پی حکومت نے یوپی کے کانپور میں واٹر فال کا انتظام کر دیا۔ سڑک کے بیچوں بیچ اس واٹر فال کو جاپان کی ٹیکنالوجی سے بنایا گیا ہے۔‘‘ اس کے بعد کانگریس نے عوام سے پوچھا کہ ’’آپ کو بی جے پی حکومت کا یہ شاندار کام کیسا لگا؟‘‘

کانگریس نے اپنے ’آفیشیل‘ ایکس ہینڈل پر مزید ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کانپور کی ٹوٹی ہوئی اس سڑک پر طنز کرتے ہوئے ایک غیر ملکی جھیل ظاہر کیا ہے۔ ویڈیو میں ایک طرف کیلیفورنیا واقع بریسا جھیل کو دکھایا گیا ہے اور دوسری طرف کانپور کی ٹوٹی ہوئی سڑک ہے جس کو طنزیہ انداز میں اترپردیش کا ’کانپوریسا جھیل‘ بتایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ ایک کیپشن بھی دیا گیا ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ ’بس 20-19 کا ہی فرق ہے۔‘


واضح رہے کہ سڑک دھنسنے کا یہ واقعہ بدھ کی صبح تقریباً 11 بجے کا ہے۔ سریا چوراہے کے پاس سڑک اچانک دھنسنے لگی۔ شروعات میں سڑک کا ایک چھوٹا حصہ نیچے گیا، لیکن کچھ ہی دیر میں اس کا دائرہ بڑھتا چلا گیا۔ گڈھا اتنا گہرا تھا کہ آس پاس موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بارش کا پانی تیزی سے اس میں گر رہا تھا۔ آس پاس کی سڑکوں پر جمع پانی بھی بہہ کر اسی گڈھے میں پہنچنے لگا۔ موقع پر موجود لوگوں نے اس کی ویڈیو بنانی شروع کر دی تھی۔

ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جس جگہ سڑک دھنسی ہے، وہاں تقریباً ایک ماہ قبل بھی چھوٹا گڈھا ہوا تھا۔ لوگوں کے مطابق اس وقت متعلقہ محکمہ نے گڈھے میں ملبہ بھروا کر سڑک کو درست کر دیا تھا۔ حالانکہ اب اسی جگہ پر سڑک کا بڑا حصہ دھنس جانے کے بعد تعمیر اور مرمت کے معیارت پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اگر پہلے بنے گڈھے کی سنجیدگی سے جانچ کروا کر سڑک کی مضبوطی کو یقینی بنایا جاتا تو شاید یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ فی الحال اتنے بڑے گڈھے کے باعث آس پاس رہنے والے لوگوں میں بھی خوف کا ماحول ہے۔