بی جے پی نے بے روزگاری دی، ہم نے اس کے جواب میں ’روزگار میلہ‘ کھڑا کر دیا: ادے بھانو چِب

دیویندر یادو نے کہا کہ ’’یہ روزگار میلہ کوئی عام تقریب نہیں ہے بلکہ یہ نوجوانوں کو نوکری دلانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ حکومت نے تو ہر سال 2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے خاموشی اختیار کر لی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>روزگار میلہ میں جمع بے روزگار نوجوانوں کی بھیڑ، تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>

روزگار میلہ میں جمع بے روزگار نوجوانوں کی بھیڑ، تصویر قومی آواز/ویپن

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: آج، یعنی 19 جون کو کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کا یومِ پیدائش ہے۔ اس موقع پر انڈین یوتھ کانگریس نے دہلی کے تالکٹورا اسٹیڈیم میں ’میگا روزگار میلہ 2025‘ کا انعقاد کیا۔ روزگار میلہ میں ٹاٹا الائنس، فلپ کارٹ، جپٹو، وولٹاس، ٹیک مہندرا، پے ٹی ایم، آدتیہ برلا، ہتاچی، اربن کَلیپ جیسی 161 پرائیویٹ کمپنیاں شامل ہوئیں۔ اس دوران روزگار میلہ میں تقریباً 8500 نوجوانوں نے اپنا رجسٹریشن کروایا، تقریباً 7500 نوجوانوں کے انٹرویو ہوئے اور 3500 نوجوانوں کو ہاتھوں ہاتھ جاب لیٹر ملا۔ ساتھ ہی کئی نوجوانوں کو کمپنیوں کے ایچ آر کے ذریعہ دوسرے راؤنڈ کے لیے بھی مدعو کیا گیا ہے۔

’میگہ روزگار میلہ‘ میں کانگریس کے کئی سینئر لیڈران شامل ہوئے، جن میں اے آئی سی سی تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال، اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری سچن پائلٹ، اے آئی سی سی کے انچارج قاضی نظام الدین، دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو، رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا، راجستھان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ٹیکارام جولی، محکمہ سوشل میڈیا کی چیئرمین سپریہ شرینیت، کانگریس پارٹی کی ترجمان راگنی نائک، کسان کانگریس کے ایزیگٹو چیئرمین بجرنگ پونیا، اے آئی سی سی انچارج کنہیا کمار، اے آئی سی سی سکریٹری نوین شرما اور نیرج کندن تھے۔


اس موقع پر اے آئی سی سی تنظیم کے کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ ’’آج نوجوانوں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری کا ہے۔ بی جے پی نے ہر سال 2 کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن زمینی سطح پر ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ ملک کے نوجوانوں کو آج روزگار چاہیے اور راہل گاندھی ہی واحد ایسے لیڈر ہیں جو مسلسل اس کے لیے پارلیمنٹ سے لیکر سڑکوں تک لڑ رہے ہیں۔‘‘ انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے کہا کہ ’’بی جے پی نے ہمیں بے روزگاری دی، ہم نے اس کے جواب میں روزگار کا میلہ کھڑا کر دیا۔ یوتھ کانگریس کا روزگار میلہ صرف ایک تقریب نہیں ہے بلکہ یہ راہل گاندھی کے وِژن پر یقین رکھنے والوں کی مہم ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر بھانو چِب نے مزید کہا کہ ’’اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی جو مسلسل بے روزگاری کا مسئلہ اٹھاتے آئے ہیں۔ ان کے جنم دن پر ہمیں یہ موقع ملا کہ ہم اس مسئلہ کا حل نکال سکیں۔ جن نوجوانوں کو نوکری ملی رہی ہے وہ صرف ان کی جیت نہیں ہے بلکہ وہ ہمارے لیے بھی ایک ترغیب ہے۔‘‘ انڈین یوتھ کانگریس کے صدر کے مطابق روزگار میلہ میں شامل ہوئے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ ’’آج جو کام حکومت کو کرنا چاہیے وہ راہل گاندھی کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آج ہزاروں نوجوان کہہ رہے ہیں کہ انہیں یقین ہے کہ راہل گاندھی ان کے لیے کام کریں گے۔


دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ ’’یہ روزگار میلہ آج انڈین یوتھ کانگریس اور دہلی پردیش کانگریس کمیٹی نے مل کر منعقد کیا ہے۔ یہ کوئی عام تقریب نہیں ہے بلکہ یہ نوجوانوں کو نوکری دلانے کی ایک اہم کوشش ہے۔ حکومت نے تو ہر سال 2 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے خاموشی اختیار کر لی ہے۔ نہ تو اب اس مسئلہ پر بات ہوتی ہے اور نہ ہی جواب ملتا ہے۔ اس لیے اب اپوزیشن نے ذمہ داری لی ہے کہ اگر حکومت پیچھے ہٹے گی تو ہم آگے بڑھ کر نوجوانوں کو ان کا حق دلائیں گے۔‘‘

دہلی پردیش یوتھ کانگریس کے صدر اکشے لاکڑا نے کہا کہ ’’روزگار میلہ کی یہ بھیڑ ایک میلہ کی نہیں بلکہ یہ اس نسل کی پکار ہے جو سالوں سے جھوٹے وعدوں اور ادھورے ارادوں سے نبرد آزما ہے۔ یہ ہجوم صاف طور پر کہہ رہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو کسی رحم کی نہیں صرف اور صرف ایک موقع کی ضرورت ہے۔ سالوں بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی حکومتیں رہیں لیکن ایسا روزگار میلہ کبھی نہیں ہوا۔ راہل گاندھی کے جنم دن پر ہم نے نوجوانوں کو روزگار دے کر ان کا حق لوٹایا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔