’دلت کی پٹائی کرنے والے لیڈر کو بی جے پی نے ٹکٹ دے دیا‘، کھڑگے کا پی ایم مودی پر حملہ

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے راجستھان کے بھرتپور اور تجارہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی کتنی بھی کوشش کر لیں، راجستھان میں دوبارہ کانگریس کی ہی حکومت بنے گی۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راجستھان اسمبلی انتخاب کے پیش نظر ریاست میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ سبھی پارٹیاں انتخابی اجلاس اور ریلیوں میں مصروف ہیں۔ آج کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے بھی راجستھان پہنچے اور بھرت پور و تجارہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے دلت ہرشادھپتی والمیکی کی پٹائی کرنے والے گراج سنگھ ملنگا کو بی جے پی کے ذریعہ باڑی اسمبلی سیٹ سے ٹکٹ دینے پر پی ایم مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس سے قبل کھڑگے نے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کے ساتھ اسپتال میں داخل ہرشادھپتی والمیکی سے ملاقات بھی کی۔

قابل ذکر ہے کہ ہرشادھپتی کے ساتھ گزشتہ سال رکن اسمبلی گراج ملنگا نے بے رحمی سے پٹائی کی تھی۔ کانگریس نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے رکن اسمبلی کی ٹکٹ کاٹ دی تھی۔ ٹکٹ کٹنے کے بعد ملنگا بی جے پی میں شامل ہو گئے اور انھیں پارٹی نے امیدوار بھی بنا دیا۔


بہرحال، آج جلسہ عام میں موجود زبردست بھیڑ اور تالیوں کی گڑگڑاہٹ کے درمیان کھڑگے نے کہا کہ پی ایم مودی خود کو غریبوں کا مسیحا بتاتے ہیں، لیکن انھوں نے دلت ہرشادھپتی والمیکی کے ساتھ بے رحمی سے پٹائی کرنے والے ملنگا کو ہی ٹکٹ دے دیا۔ پی ایم مودی کی کتھنی اور کرنی میں بہت فرق ہے۔ والمیکی کے علاج میں وزیر اعلیٰ گہلوت نے خوب مدد کی اور چار مرتبہ ملاقات کے لیے بھی گئے۔ ایک طرف وزیر اعلیٰ مودی غریبوں، دلتوں کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف غریبوں و دلتوں پر مظالم کرنے والوں کو گلے لگا کر بی جے پی کا ٹکٹ دیتے ہیں۔ پی ایم مودی اس لیڈر کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں جس نے دلت کی پٹائی کی۔

کھڑگے نے اپنے خطاب میں کہا کہ بی جے پی غریبوں کے پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ مدھیہ پردیش میں قبائلی پر بی جے پی لیڈر نے پیشاب کیا۔ پھر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان اس کے پیر دھو کر معافی مانگتے نظر آئے۔ لیکن پیر دھونے سے بی جے پی پر لگے اس داغ کے نشان نہیں مٹنے والے۔ کھڑگے نے مزید کہا کہ پی ایم مودی کا مقصد غریب کو غریب رکھنا اور امیر کو مزید امیر بنانا ہے۔ اس لیے پی ایم مودی ہمیشہ اپنے سرمایہ کار دوستوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں۔ دوسری طرف کانگریس غریبوں، کسانوں اور نوجوانوں کے لیے کام کرتی ہے۔ پی ایم مودی نے ارب پتیوں کا تقریباً 15 لاکھ کروڑ روپے قرض معاف کر دیا، لیکن وہ کسانوں کا قرض معاف نہیں کرتے۔ راجستھان میں غریبوں کی حکومت ہے۔ کانگریس غریبوں کے لیے کچھ کرتی ہے تو مودی جی کہتے ہیں کہ کانگریس ریوڑی بانٹ رہی ہے، غریبوں کے لیے پورا خزانہ لٹا رہی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ کانگریس کی حکومت نے ہر طبقہ کے لیے اچھا کام کیا ہے۔ راجستھان میں گہلوت حکومت کے کاموں کا تذکرہ ہوتا ہے اور عوام کہہ رہی ہے کہ وہ کانگریس کو پھر سے کامیاب بنائے گی۔ مودی کتنی بھی کوشش کر لیں، اس بار پھر سے کانگریس ہی حکومت بنائے گی۔


اپنی تقریر کے دوران کھڑگے نے اگنی ویر منصوبہ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے مودی حکومت اگنی ویر منصوبہ لے کر آئی تھی۔ کانگریس حکومت آنے پر اگنی ویر منصوبہ کے لیے کوئی نیا راستہ نکالا جائے گا۔‘‘ پی ایم مودی کے جھوٹے وعدوں کو ظاہر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ پی ایم مودی ہر وقت نیا ڈرامہ کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ لوگوں کے اکاؤنٹ میں 15-15 لاکھ روپے دوں گا، ہر سال 2 کروڑ ملازمتیں دوں گا، کسان کی آمدنی دوگنی کر دوں گا، لیکن کچھ نہیں کیا۔

کھڑگے نے کانگریس کی سات گارنٹیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ راجستھان میں دوبارہ کانگریس حکومت بننے پر فیملی کی خاتون مکھیا کو ہر سال 10 ہزار روپے، 500 روپے میں رسوئی گیس سلنڈر، 15 لاکھ روپے کا آفت راحتی انشورنس اور سرکاری کالج کے پہلے سال کے طلبا کو مفت لیپ ٹاپ/ٹیبلٹ دیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں سرکاری ملازمین کے لیے او پی ایس گارنٹی قانون بنایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔