مدھیہ پردیش تشدد کے لیے پوری طرح سے بی جے پی ذمہ دار: عمران پرتاپ گڑھی

پہلے پولیس کی موجودگی میں لوگوں کی دکانیں اور مکانات جلائے گئے اور پھر صرف مسلمانوں پر یکطرفہ کارروائی کی گئی ۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

مدھیہ پردیش میں پیش آئے واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے قومی صدر عمران پرتاپ گڑھی نے الزام لگایا کہ کھرگون میں تشدد بی جے پی کی سازش کا نتیجہ ہے اور ریاستی حکومت کی طرف سے مکمل طور پر اسپانسر کیا گیا ہے۔یہ الزام انہوں نے جاری ایک ریلیز میں لگایاہے۔

ریلیز میں کہا گیا ہے کہ متنازعہ لیڈر کپل مشرا دہلی سے مدھیہ پردیش گئے اور وہاں جلوس میں شامل ہو کر عوام کو بھڑکایا اور اس کے بعد فرقہ وارانہ دنگے شروع ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پولیس کی موجودگی میں لوگوں کی دکانیں اور مکانات جلائے گئے اور پھر صرف مسلمانوں پر یکطرفہ کارروائی کرکے یہ ثابت کیا جارہا ہے کہ آئین، قانون اور جمہوریت کا کوئی مطلب نہیں رہ گیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ اب تک کپل مشرا کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔


کانگریس لیڈر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ جس طرح سے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ اور ریاست کے وزیر داخلہ کے بیانات آ رہے ہیں اور ریاستی حکومت معصوم مسلمانوں پر بلڈوزر چلا کر وحشیانہ کارروائی کر رہی ہے اور مکانات گرائے جا رہے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ...
ہمیں کو قاتل کہے گی دنیا
ہمارا ہی قتل عام ہوگا
ہمیں کنویں کھودتے پھریں گے
ہمیں پہ پانی حرام ہوگا۔

عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ اقلیتی محکمہ اس حکومتی ظلم کے خلاف ثبوت اکٹھا کر رہا ہے اوروہ جلد ہی سپریم کورٹ سے رجوع کرے گا۔


اس کے لیے مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی نے 5 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے، جو جائے وقوعہ پر جائے گی اور معاملے کی جانچ کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ہمارا محکمہ متاثرین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔