مغربی بنگال اسمبلی انتخاب کی تیاریوں میں مصروف بی جے پی کو لگا جھٹکا، اداکارہ پارنو مترا ترنمول کانگریس میں شامل

ترنمول کانگریس بھون میں ریاستی وزیر برائے صحت چندریما بھٹاچاریہ کی موجودگی میں پارنو مترا نے ترنمول کی رکنیت حاصل کی اور کہا کہ سبھی انسان غلطیاں کرتے ہیں، ان غلطیوں کی اصلاح کا وقت آ گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پارنو مترا، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب سے قبل پارٹی بدلنے والی سیاست شروع ہو گئی ہے۔ جمعہ کے روز بنگالی فلموں کی مشہور اداکارہ پارنو مترا بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئیں۔ ریاست میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تیاریوں میں مصروف بی جے پی کے لیے یہ شدید جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔ ترنمول کانگریس بھون میں ریاستی وزیر برائے صحت چندریما بھٹاچاریہ کی ومجودگی میں پارنو مترا نے ترنمول کانگریس میں شمولیت حاصل کی اور کہا کہ ’’سبھی انسان غلطیاں کرتے ہیں۔ ان غلطیوں کی اصلاح کا وقت آ گیا ہے۔ میں ترنمول کانگریس میں شامل ہو کر خود کو خوش قسمت محسوس کر رہی ہوں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ 2021 کے اسمبلی انتخاب سے تقریباً 2 سال قبل 2019 میں پارنو مترا نے بی جے پی کی رکنیت اختیار کی تھی۔ انھوں نے بی جے پی کی ٹکٹ پر براہ نگر سیٹ سے انتخاب بھی لڑا تھا۔ اس وقت ترنمول کانگریس امیدوار تاپس رائے نے انھیں شکست دی تھی۔ اب تاپس رائے بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ ساینتیکا بنرجی ترنمول کانگریس کی رکن اسمبلی ہیں۔ حال ہی میں پارنو مترا نے بی جے پی سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔


بہرحال، جمعہ کے روز ترنمول کانگریس میں شمولیت کے تعلق سے پارنو مترا نے کہا کہ ’’میں 6 سال قبل بی جے پی میں شامل ہوئی تھی، آپ کو یاد ہوگا۔ میں نے محسوس کیا کہ اس بار مجھے خود کو ٹھیک کر لینا چاہیے۔ میں نے وہی کیا۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے کام سے وہ بہت متاثر ہیں۔ پارنو کو ترنمول کانگریس میں شامل کرنے والی چندریما بھٹاچاریہ نے کہا کہ ’’پارنو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے کام سے متاثر ہو کر ہی ہماری پارٹی میں آئی ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ پارنو مترا نے 2007 میں اداکاری کا کیریئر شروع کیا تھا۔ انھوں نے چھوٹے پردے پر روی اوجھا کے ’کھیلا‘ سیریل سے شروعات کی تھی۔ انجن دتہ انھیں بڑے پردے پر لائے۔ وہ فلم ’رنجنا آمی آر اسب نا‘ کی ہیروئن ہیں۔ اداکارہ کے پورٹ فولیو میں ’بیڈ روم‘، ’مش مشٹی اینڈ مور‘، ’راج کہنی‘، الین گریر گولک دھندھا‘، ’اپور پنچالی‘، ’اَنک کی کاتھا‘ جیسی فلمیں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔